حضرت مولانا ثمیر الدین قاسمی صاحب مانچسٹر انگلینڈ بھارت کے دورے پر ہیں۔ جمعہ کی شب آپ ملک کی عظیم تعلیمی و تحریکی ادارہ جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر پہنچے جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا، آپ جامعہ رحمانی مونگیر کے سابق استاذ حدیث بھی ہیں ، اس لئے بھی آپ کو اس ادارہ سے بے پناہ لگاؤ ہے ، طے شدہ پروگرام کے تحت سنیچر کے روز ظہر کی نماز کے بعد تخصصات اور علیا درجات کے طلبہ کے مابین آپ کا قیمتی ، علمی محاضرہ ہوا ، پھر بعد نماز مغرب خانقاہ رحمانی کی مسجد میں جامعہ رحمانی کے تمام اساتذہ ، طلبہ اور منتظمین کے درمیان آپ کا علمی خطاب ہوا ۔ آپ نے اپنے خطاب میں جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر اور یہاں کے بزرگوں سے عقیدت و محبت اور ان کے خدمات کا ذکر فرمایا ، خصوصاً امیر شریعت رابع حضرت مولانا منت اللہ رحمانی صاحب نور اللہ مرقدہ اور مفکر اسلام حضرت مولانا محمد ولی صاحب رحمانیؒ ور ان کے وقت جامعہ رحمانی میں موجود تمام علماء کرام کا ذکر خیر کیا ، اپنے تدریسی زمانے کے یادگار واقعات سے تمام سامعین کو خوب محظوظ فرمایا ، ساتھ ہی آپ نے اپنے خطاب میں جامعہ رحمانی کی موجودہ تعلیمی و تعمیری ترقی کو خوب سراہا اور فرمایا کہ موجودہ سرپرست محترم امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب اپنے آباء واجداد کی وراثت کو نہ صرف خوبصورتی سے سمبھالا ہے بلکہ اسے ہر دن ترقی بخشنے کے مشن میں رات دن محنت کر رہے ہیں۔اللہ تعالیٰ ان کو نظر بد سے بچائے اور ان کی عمر میں برکت دے۔ آپ کے خطاب سے قبل جامعہ رحمانی مونگیر کے استاذ حدیث جناب مولانا مفتی ریاض احمد قاسمی صاحب نے طلبہ کے درمیان مہمان مکرم کا تعارف کرایا اور جامعہ رحمانی کی حسن کارکردگی سے مہمان مکرم کو واقف کرایا ۔ مہمان مکرم نے جامعہ رحمانی کے تمام شعبہ جات خصوصاً دار الحکمت کا معائنہ کیا ، اس کے نصاب تعلیم کو دیکھا ، کتابوں کا جائزہ لیا ، یہاں کے عربی زبان میں طریقہ تدریس کی تفصیل معلوم کی جدید ٹیکنالوجی سے لیس درسگاہوں میں جا کر طلبہ سے عربی زبان میں گفتگو کی ، طلبہ کو عربی میں نصیحت کی اور اس نظام کو دیکھ کر کافی خوشی کا اظہار کیا اور فرمایا کہ واقعی دار الحکمت تعلیمی میدان میں ایک بہت بڑا انقلاب ہے۔ اس کے علاوہ انہو ں نے جامعہ رحمانی کے استاذ الاساتذہ اور مولانا موصوف کے پڑھانے کے وقت کے قریبی ساتھیوں میں سے ایک حضرت مولانا عبد السبحان صاحب رحمانی مدظلہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کی اہلیہ جن کا چند دنوں قبل ہی انتقال ہوا اس پر تعزیت مسنونہ پیش کیا ، ساتھ ہی آپ نے شہر مونگیر کا قدیم ادارہ انجمن حمایت اسلام دلاور پور اور رحمانی فاؤنڈیشن مونگیر کا دورہ بھی کیا۔