جدہ، ریاض اور دمام کے لیے پروازیں خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث بند رہیں گی؛ متاثرہ مسافروں کو بکنگ کی تاریخ بدلنے یا مکمل رقم واپس لینے کی سہولت دی گئی
نئی دہلی: مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے پیش نظر ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس نے سعودی عرب کے لیے اپنی پروازیں 14 نومبر 2026 تک معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت جدہ، ریاض اور دمام آنے جانے والی پروازیں متاثر ہوں گی۔
ایئر لائنز کے مطابق، خطے کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے پروازوں کی منسوخی کی مدت میں مزید توسیع کی گئی ہے۔ اس سے پہلے ریاض اور دمام کے لیے پروازیں 7 نومبر تک، جبکہ جدہ کے لیے 31 اکتوبر تک معطل رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ مغربی ایشیا میں حالیہ کشیدگی کے باعث فضائی سفر اور سلامتی سے متعلق خدشات بڑھ گئے ہیں۔ اس صورتحال میں انڈیگو اور اکاسا ایئر نے بھی سعودی عرب کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
متاثرہ مسافروں کو کیا سہولت ملے گی؟
ایئر انڈیا نے جمعہ، 30 اکتوبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ جن مسافروں کے پاس 14 نومبر 2026 تک کے سفر کی تصدیق شدہ بکنگ ہے اور جنہوں نے 30 اکتوبر یا اس سے پہلے ٹکٹ بک کرایا تھا، وہ بغیر کسی اضافی فیس کے ایک بار سفر کی تاریخ تبدیل کر سکتے ہیں۔ یہ سہولت دستیاب نشستوں کی بنیاد پر 29 نومبر تک کے سفر کے لیے دی جائے گی۔
اس کے علاوہ، مسافر چاہیں تو اپنی پوری بکنگ منسوخ کرکے رقم کی واپسی بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
دوسرے شہروں سے سفر کا بھی متبادل
ایئر انڈیا نے کہا ہے کہ اس کے مسافر سعودی عرب میں ایئر لائن کے کسی بھی دوسرے آپریشنل اسٹیشن سے اپنی بکنگ دوبارہ کرا سکتے ہیں۔
اسی طرح ایئر انڈیا ایکسپریس کے مسافر سعودی عرب یا بحرین میں کمپنی کے کسی بھی آپریشنل اسٹیشن سے سفر کے لیے اپنی بکنگ تبدیل کرا سکتے ہیں۔
ایئر لائنز نے یقین دلایا ہے کہ ان کی ٹیمیں متاثرہ مسافروں کو ٹکٹ کی دوبارہ بکنگ اور رقم کی واپسی کے عمل میں مدد فراہم کریں گی۔
ایئر انڈیا نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سفر سے متعلق کسی بھی فیصلے سے پہلے اپنی پرواز کی تازہ ترین صورت حال اور بکنگ کی تفصیلات ضرور معلوم کر لیں۔