منتخب ہونے کی صورت میں امریکی تاریخ کے پہلے سیاہ فام اسپیکر ہوں گے؛ 18 نومبر کو ڈیموکریٹک پارٹی کی قیادت کا انتخاب، مہنگائی میں کمی اور ایران کے ساتھ جنگ کا خاتمہ پارٹی کی ترجیحات میں شامل۔
واشنگٹن: امریکہ میں وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی کامیابی کے بعد ایوانِ نمائندگان میں پارٹی کے رہنما حکیم جیفریز (Hakeem Jeffries) نے ایوان کے اگلے اسپیکر کے عہدے کے لیے اپنی امیدواری کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اگر وہ اس عہدے کے لیے منتخب ہوتے ہیں تو امریکی تاریخ میں ایوانِ نمائندگان کے پہلے سیاہ فام اسپیکر بن جائیں گے۔
امریکی میڈیا نیٹ ورک اے بی سی نیوز کے مطابق، حکیم جیفریز نے بدھ کے روز ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان کو خط لکھ کر اپنی امیدواری کا اعلان کیا اور 18 نومبر کو ہونے والے پارٹی قیادت کے انتخاب سے قبل ساتھی ارکان سے حمایت طلب کی۔ انہوں نے خط میں کہا کہ وہ ایوانِ نمائندگان کے اگلے اسپیکر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے لیے اپنے ساتھیوں کی حمایت کے خواہاں ہیں۔
حکیم جیفریز نے نئی کانگریس کے لیے اپنی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے مہنگائی میں کمی، عوامی مسائل کے حل، حکومتی جواب دہی اور امریکی اقدار کے تحفظ کو ڈیموکریٹک پارٹی کے ایجنڈے کا اہم حصہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ میں زندگی گزارنے کے اخراجات حد سے زیادہ بڑھ چکے ہیں اور لاکھوں محنت کش ٹیکس دہندگان معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے نئی کانگریس میں عوام کو مہنگائی سے راحت دلانے کے لیے بھرپور جدوجہد کا عزم ظاہر کیا۔
اے بی سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق، ڈیموکریٹک پارٹی کے اندر قیادت کا انتخاب 18 نومبر کو خفیہ رائے دہی کے ذریعے ہوگا۔ جیفریز کو پارٹی کی جانب سے اسپیکر کے امیدوار کے طور پر نامزد ہونے کے لیے ایوان میں موجود ڈیموکریٹک ارکان کی اکثریت کی حمایت حاصل کرنا ہوگی۔ اس کے بعد جنوری میں نئی کانگریس کے اجلاس کے دوران اسپیکر منتخب ہونے کے لیے ایوانِ نمائندگان میں 218 ووٹ درکار ہوں گے۔
واضح رہے کہ وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی نے امریکی سیاست میں اقتدار کا توازن تبدیل کرنے کی راہ ہموار کر دی ہے۔ انتخابی نتائج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے حکیم جیفریز نے اسے ڈیموکریٹک پارٹی کی سیاسی واپسی قرار دیا اور کہا کہ امریکی ووٹروں نے انتہا پسندی اور بدعنوانی کو مسترد کر دیا ہے۔
ادھر سینیٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما چک شومر (Chuck Schumer) نے بھی انتخابی نتائج کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اب راحت ملنے والی ہے۔ شومر کے مطابق مہنگائی پر قابو پانا اور ایران کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے کی کوشش کرنا ڈیموکریٹک پارٹی کی اہم ترجیحات میں شامل ہوگا۔