اسرائیل کے مطابق، سات اکتوبر 2023 کے حملے کی منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کرنے والے حماس کمانڈر سمیر ابو یونس ہفتے کی شام جنوبی غزہ میں ایک حملے کے دوران جاں بحق ہو گئے۔
یروشلم: اسرائیلی فوج نے اتوار کے روز دعویٰ کیا ہے کہ اس نے غزہ میں کارروائی کے دوران حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ایک سینئر کمانڈر کو نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا ہے۔ دوسری جانب القسام بریگیڈ نے بھی اپنے بیان میں سمیر ابو یونس کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سات اکتوبر 2023 کو اسرائیل پر ہونے والے حماس کے حملے کی منصوبہ بندی اور نگرانی میں اہم کردار ادا کر رہے تھے۔
اسرائیلی فوج نے اتوار کی صبح سویرے داخلی سلامتی کی ایجنسی شن بیت کے ساتھ جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ اس کی افواج نے کچھ دیر قبل حماس کے عسکری ونگ کے ایک سینئر کمانڈر کو نشانہ بنایا ہے۔ تاہم، اسرائیلی حکام نے ابتدائی بیان میں کارروائی کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں اور کہا کہ اس سلسلے میں بعد میں اضافی معلومات جاری کی جائیں گی۔
ادھر القسام بریگیڈ نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ سمیر ابو یونس ہفتے کی شام ایک حملے میں جاں بحق ہو گئے۔ تنظیم کے مطابق، وہ سات اکتوبر کے حملے کی منصوبہ بندی اور اس کی نگرانی کرنے والے اہم ترین کمانڈروں میں شامل تھے۔
اس سے قبل، نصف شب کے کچھ ہی دیر بعد ایک سکیورٹی ذریعے نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا تھا کہ القسام بریگیڈ کی رفح بٹالین کے کمانڈر یونس جنوبی غزہ کے علاقے المواصی میں، خان یونس کے مغرب میں کیے گئے ایک حملے کا نشانہ بنے۔
غزہ کی شہری دفاعی تنظیم کے ترجمان محمود بصل نے بھی اے ایف پی کو بتایا کہ ادارے کو 53 سالہ سمیر ابو یونس کی لاش موصول ہوئی ہے۔ ان کے مطابق، جنوبی غزہ میں کیے گئے اس حملے میں دو دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
جنگ بندی کے باوجود غزہ میں حملوں کا سلسلہ جاری
اسرائیل اور حماس دونوں ایک دوسرے پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔ یہ جنگ بندی اکتوبر 2025 میں اس دو سالہ جنگ کے بعد نافذ ہوئی تھی جو سات اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد شروع ہوئی تھی۔
امریکہ کی حمایت سے طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے نتیجے میں اگرچہ لڑائی کی شدت میں نمایاں کمی آئی، تاہم غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں مکمل طور پر نہیں رکیں اور محصور ساحلی علاقے میں حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق، جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اب تک 1,600 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ وزارت حماس کے زیرِ انتظام کام کرتی ہے، تاہم اقوام متحدہ اس کے فراہم کردہ اعداد و شمار کو قابلِ اعتماد قرار دیتا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اسی عرصے کے دوران اس کے سات فوجی اور ایک شہری کنٹریکٹر بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
ادھر اسرائیل میں انتخابات کے بعد سیاسی صورتِ حال میں بھی تبدیلی آئی ہے۔ سابق آرمی چیف گاڈی آئزن کوٹ نئی حکومت کی تشکیل کے لیے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہیں، جبکہ ان کے سیاسی حریف اور نگراں وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو کے دورِ اقتدار میں فوجی کارروائیاں جاری ہیں۔