بھارت نے ترکیہ پر جان بوجھ کر بعض رکن ممالک کو مذاکراتی عمل سے الگ رکھنے کا الزام عائد کیا، قرارداد کے خلاف بھارت سمیت چھ ممالک نے ووٹ دیا، جب کہ 112 ممالک نے اس کی حمایت کی۔
اقوام متحدہ: اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے درمیان تعاون سے متعلق قرارداد کے مسودے پر مذاکرات کے دوران بھارت اور بعض دیگر ممالک کو مشاورت سے باہر رکھنے پر نئی دہلی نے ترکیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ بھارت نے ترکیہ کے اس اقدام کو ’’واضح اور دانستہ‘‘ قرار دیتے ہوئے نہ صرف مذاکراتی عمل پر اعتراض کیا بلکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرارداد کے خلاف ووٹ بھی دیا۔
عراق کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کا عنوان ’’اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کے درمیان تعاون‘‘ ہے، جسے پیر کے روز جنرل اسمبلی میں رائے شماری کے بعد منظور کر لیا گیا۔ قرارداد کے حق میں 112 ممالک نے ووٹ دیا، جب کہ بھارت، آرمینیا، قبرص، یونان، اسرائیل اور امریکہ سمیت چھ ممالک نے اس کی مخالفت کی۔ اس دوران 39 ممالک رائے شماری سے غیر حاضر رہے۔ ترکیہ اس قرارداد کے مذاکراتی عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہا تھا۔
بھارت نے ترکیہ کے مذاکراتی طریقہ کار پر اٹھائے سوالات
اقوام متحدہ میں بھارت کی نائب مستقل مندوب سفیر یوجنا پٹیل نے رائے شماری کے بعد اپنے بیان میں ترکیہ کے مذاکراتی طریقہ کار پر شدید اعتراضات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے مستقل مبصر مشن نے قرارداد کے مختلف مسودے جاری کرتے وقت بھارتی وفد سمیت کئی دیگر ممالک کو دانستہ طور پر مشاورت سے باہر رکھا۔
پٹیل نے اس عمل کو تشویش ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے صرف قرارداد کے مندرجات کی وجہ سے نہیں بلکہ اس کے مذاکراتی عمل میں اختیار کیے گئے غیر شفاف طریقہ کار کے خلاف بھی ووٹ دیا ہے۔
ان کے مطابق، جامع بین الحکومتی مشاورت کے بجائے مخصوص ممالک کو مذاکرات سے الگ رکھنا اقوام متحدہ کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض وفود کی جانب سے اعتراضات اور تجاویز پیش کیے جانے کے باوجود سہولت کاروں نے انہیں شامل کرنے کی کوشش نہیں کی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ محض تکنیکی غلطی نہیں بلکہ ایک دانستہ فیصلہ تھا۔
بھارتی مندوب نے اقوام متحدہ کے صدرِ جنرل اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ اس پورے معاملے کی تحقیقات کرائی جائیں اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جائے۔
او آئی سی کے کردار اور کشمیر سے متعلق حوالوں پر بھی اعتراض
بھارت نے قرارداد کے مندرجات پر بھی اعتراض کرتے ہوئے او آئی سی کے کردار کو وسعت دینے کی کوشش پر سوال اٹھایا۔ پٹیل کا کہنا تھا کہ او آئی سی کوئی علاقائی تنظیم نہیں ہے، اس لیے دیگر تنازعات کے حل میں اس کے کردار کو بڑھانے کی کوشش کا جواز واضح نہیں ہے۔
بھارتی مندوب نے قرارداد میں رواں سال جولائی میں اسلام آباد میں منعقدہ او آئی سی کی خواتین سے متعلق وزارتی کانفرنس کے نویں اجلاس کا حوالہ شامل کیے جانے پر بھی اعتراض کیا۔ اس کانفرنس کے اعلامیے میں جموں و کشمیر کا ذکر کیا گیا تھا۔
پٹیل نے کہا کہ بھارت اس کانفرنس کے اعلامیے اور اس سے متعلق قرارداد کو مسترد کرتا ہے، کیوں کہ ان میں بھارت کے بارے میں بلاجواز اور حقائق کے منافی باتیں شامل ہیں۔ ان کے مطابق، او آئی سی کا پلیٹ فارم بعض سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے اور بھارت کے اندرونی معاملات پر تبصرہ کرنے کا تنظیم کو کوئی قانونی حق حاصل نہیں ہے۔
پاکستان پر بھی بالواسطہ تنقید
بھارت نے پاکستان کا نام لیے بغیر او آئی سی کے اندر اس کے کردار پر بھی بالواسطہ تنقید کی۔ پٹیل نے الزام لگایا کہ تنظیم کے ایک رکن ملک کو بھارت کے خلاف بے بنیاد الزامات اور قراردادوں کے ذریعے او آئی سی کے پلیٹ فارم کا استعمال کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت او آئی سی سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ غیر جانب داری، تعمیری مکالمے اور باہمی احترام کے اصولوں کو برقرار رکھے اور اپنے فیصلوں کو محدود سیاسی ایجنڈوں کی تکمیل کا ذریعہ نہ بننے دے۔
بھارتی مندوب نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک کے شہریوں کے مفادات کا تحفظ اس کی اپنی حکومت کی ذمہ داری ہے، خواہ ان شہریوں کا مذہب کچھ بھی ہو۔ انہوں نے اس تصور کو بھی مسترد کیا کہ صرف ہم مذہب افراد ہی کسی مخصوص مذہب کے پیروکاروں کے مفادات کا تحفظ کر سکتے ہیں۔
قبرص اور یونان نے بھی ترکیہ کے رویے پر اعتراض کیا
قرارداد کے مذاکراتی عمل میں شفافیت اور شمولیت کے فقدان پر صرف بھارت ہی نہیں، بلکہ قبرص اور یونان نے بھی ترکیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
قبرص کے مندوب نے کہا کہ ان کے ملک کو مذاکراتی عمل سے متعلق رابطوں اور بعد کے مراحل میں قرارداد پر ہونے والی مشاورت سے بار بار باہر رکھا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک کو مذاکرات میں شرکت کا موقع دینا سہولت کار کی صوابدید کا معاملہ نہیں، بلکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کا بنیادی اصول ہے۔
اسی طرح یونان نے بھی ترکیہ کی جانب سے مذاکرات کے دوران اختیار کیے گئے طریقہ کار پر سنگین تحفظات کا اظہار کیا۔ یونانی مندوب کے مطابق، یورپی یونین نے نیک نیتی کے ساتھ اپنی تجاویز اور ترامیم پیش کیں، لیکن ان پر نہ تو بامعنی غور کیا گیا اور نہ ہی انہیں مسترد کرنے کی کوئی معقول وجہ بتائی گئی۔ انہوں نے نظرثانی شدہ مسودوں کو مناسب مشاورت کے بغیر جاری کرنے پر بھی اعتراض کیا۔
امریکہ اور یورپی یونین نے بھی شمولیت پر زور دیا
امریکہ نے قرارداد کے آئندہ مسودوں میں غیر ضروری اور دہرائی جانے والی عبارتوں کے ساتھ متنازع امور کو بھی ختم کرنے کی امید ظاہر کی۔ امریکی موقف کے مطابق، قرارداد میں ایسے عملی اور ٹھوس شعبوں پر توجہ دی جانی چاہیے جن پر تمام فریقوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا ہو سکے۔
یورپی یونین کی جانب سے رائے شماری کی وضاحت کرتے ہوئے آئرلینڈ نے بھی مذاکراتی عمل میں شفافیت اور شمولیت کی کمی پر افسوس کا اظہار کیا۔ آئرش مندوب نے کہا کہ یورپی یونین اور اس کے متعدد رکن ممالک کی جانب سے مشاورت میں شامل کیے جانے کی درخواستوں کے باوجود انہیں مذاکرات میں بامعنی شرکت کا موقع فراہم نہیں کیا گیا۔
اس طرح قرارداد کی منظوری کے باوجود اس کے مذاکراتی طریقہ کار پر بھارت، قبرص، یونان، امریکہ اور یورپی یونین کے بعض ممالک کے اعتراضات نے اقوام متحدہ میں شفافیت، شمولیت اور کثیرالجہتی سفارت کاری کے اصولوں سے متعلق ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔