فوکٹ میں واقع پانچ منزلہ عمارت میں رات کے وقت لگی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی، ابتدائی تحقیقات میں قریب ہی موجود بجلی کے ٹرانسفارمر میں دھماکے کا انکشاف
بنکاک: جنوبی تھائی لینڈ کے مشہور سیاحتی جزیرے فوکٹ میں ایک عمارت میں بھیانک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور 17 دیگر زخمی ہوگئے۔ آگ پیر کی علی الصباح تقریباً دو بجے لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
حکام کے مطابق متاثرہ عمارت کی نچلی منزل پر موٹر سائیکلوں کی رینٹل شاپ قائم تھی، جبکہ بالائی منزلیں رہائشی مکانات کے طور پر استعمال ہوتی تھیں۔ آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی ٹیموں کو تقریباً ایک گھنٹے تک جدوجہد کرنی پڑی۔
فوکٹ کے پولیس کمانڈر سوراچائی سوکسائی نے بتایا کہ آتشزدگی کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ تاہم ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ آگ لگنے سے کچھ دیر قبل عمارت کے قریب واقع ایک برقی ٹرانسفارمر میں دھماکہ ہوا تھا۔ حکام اس پہلو سے بھی واقعے کی جانچ کر رہے ہیں۔
فوکٹ کے سرکاری اہلکار چوڈنارن کوئڈسوم کے مطابق موٹر سائیکل رینٹل شاپ میں تقریباً 100 موٹر سائیکلیں موجود تھیں۔ اس کے علاوہ دکان میں گیس، انجن آئل، پلاسٹک کا سامان اور ٹائر بھی رکھے ہوئے تھے۔ ان آتش گیر اشیا کی موجودگی کے باعث آگ نے تیزی سے شدت اختیار کرلی، جبکہ عمارت میں گھنا اور زہریلا دھواں بھر گیا۔
اہلکار نے مزید بتایا کہ ابتدائی شواہد سے اندازہ ہوتا ہے کہ عمارت میں پھنسے افراد جان بچانے کے لیے اوپری منزلوں کی جانب بھاگے تھے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران ایک لاش تیسری منزل سے، جبکہ 10 دیگر لاشیں پانچویں منزل سے برآمد ہوئیں۔
واضح رہے کہ فوکٹ جنوبی تھائی لینڈ کا ایک مشہور سیاحتی جزیرہ ہے، جہاں ہر سال بڑی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاح سیر و تفریح کے لیے پہنچتے ہیں۔ واقعے کے بعد حکام نے آتشزدگی کی وجوہات اور حفاظتی انتظامات سے متعلق تحقیقات شروع کر دی ہیں۔