بھارت کے علاوہ امریکہ، چین، جاپان، پاکستان، ایران اور سعودی عرب سمیت 33 ممالک نے قرارداد کی مخالفت کی، جبکہ 133 ممالک نے اس کی حمایت کی۔
اقوام متحدہ: بھارت نے سزائے موت کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کی اپیل سے متعلق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کردہ قرارداد کے خلاف ووٹ دیا ہے۔ جمعے کو 193 رکنی جنرل اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ کے دوران قرارداد کو 133 ممالک کی حمایت حاصل ہوئی، جبکہ 33 ممالک نے اس کی مخالفت کی اور 16 ممالک نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔
بھارت کے علاوہ بحرین، چین، مصر، ایران، عراق، جاپان، کویت، مالدیپ، عمان، پاکستان، قطر، سعودی عرب اور امریکہ بھی قرارداد کی مخالفت کرنے والے ممالک میں شامل تھے۔
قرارداد میں دنیا بھر میں سزائے موت کے مسلسل استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ تاہم اس میں تمام ممالک کے اس حق کو بھی تسلیم کیا گیا ہے کہ وہ اپنے قانونی نظام کے تحت، بین الاقوامی قانون کے مطابق، جرائم کی نوعیت اور سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے سزاؤں کا تعین کر سکتے ہیں۔
قرارداد میں رکن ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ سزائے موت کے استعمال کو بتدریج محدود کریں اور ایسے جرائم میں یہ سزا نافذ نہ کریں جو 18 سال سے کم عمر افراد نے کیے ہوں۔ اس کے علاوہ ایسے معاملات میں بھی سزائے موت نہ دینے کی اپیل کی گئی ہے جہاں جرم کے ارتکاب کے وقت ملزم کی عمر 18 سال سے زیادہ ہونے کا واضح تعین نہ ہو سکے۔
قرارداد میں حاملہ خواتین، ذہنی یا فکری معذوری کے شکار افراد اور بزرگوں کے خلاف سزائے موت کے استعمال کو محدود کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ان جرائم کی تعداد کم کرنے کی سفارش کی گئی ہے جن کے لیے سزائے موت دی جا سکتی ہے، نیز لازمی سزائے موت کے نظام کو ختم کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔