“وطن کے سپوت” ایک ایسی کتاب ہے جسے صرف ایک مرتبہ پڑھ کر طاقِ نسیاں میں رکھ دینے کے بجائے مطالعہ، تدریس اور تاریخی شعور کی بیداری کے لیے محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔ اس کے اوراق میں ہمارے ماضی کی آہٹ ہے، مجاہدین کے لہو کی خوشبو ہے، علماء کی فکری کاوشوں کی بازگشت ہے، خانقاہوں کی تربیتی روایت ہے، اور ایک ایسے ہندوستان کی تصویر ہے جس کی آزادی کے لیے مختلف طبقات میں اپنی اپنی وساط کے مطابق قربانیاں پیش کیں۔
استاذ محترم حضرت مولانا مفتی ریاض احمد صاحب قاسمی ابن جناب محمد قاسم انصاری، معروف بہ صوفی صاحب رحمہ اللہ، 15 اپریل 1982ء کو لچھمی پور، وایا چریا، ضلع مشرقی چمپارن، بہار میں پیدا ہوئے۔ آپ جامعہ رحمانی مونگیر کے قدیم اور باوقار اساتذہ میں شمار ہوتے ہیں اور دارالعلوم دیوبند کے سابق معین المدرسین بھی رہ چکے ہیں۔ علم و عمل کی یکجائی، اصلاح و تقویٰ، خلوص و للہیت اور سادگی و متانت آپ کی شخصیت کے نمایاں اوصاف ہیں۔ اللہ رب العزت نے آپ کو تدریس کے ساتھ تحقیق و تاریخ نگاری کا ذوقِ سلیم، تحریر و تقریر اور شعر و شاعری کی مؤثر صلاحیت بھی عطا فرمائی ہے، جس کا عکس آپ کی علمی و قلمی کاوشوں میں صاف دکھائی دیتا ہے۔ تدریسی ملکہ اور مشفقانہ انداز نے آپ کو طلبہ کے درمیان محبوب و مقبول بنادیاہے، جب کہ خوش مزاجی، نظم و نسق میں تعاون، سلامت روی اور سمع و طاعت کا فطری مزاج انتظامیہ کے نزدیک آپ کی قدر و منزلت میں اضافہ کرتا ہے۔ آپ کی شخصیت محض ایک مدرس یا مصنف کی نہیں، بلکہ علم کی شمع، تربیت کا سایہ اور اخلاص کی خوشبو لیے ہوئے ایک ایسے استاذ کی ہے جس کی مجلس سے علم بھی ملتا ہے اور عمل کی ترغیب بھی۔
تاریخ کے اوراق بھی عجیب چیز ہیں، کبھی وہ بادشاہوں کے تاج و تخت کا تذکرہ کرتے ہیں، کبھی فاتحوں کے گھوڑوں کی ٹاپ سناتے ہیں، کبھی شکست خوردہ قافلوں کے نقشِ پا دکھاتے ہیں اور کبھی کسی گمنام سپاہی کے لہو سے ایسا جملہ لکھ دیتے ہیں جو صدیوں تک مٹنے نہیں پاتا۔ قوموں کی تاریخ محض تاریخوں، سِنِین اور واقعات کا دفتر نہیں، وہ دراصل ان بے شمار قربانیوں، آہوں، آرزوؤں، ولولوں اور حوصلوں کا مرقع ہے، جن سے کسی قوم کی آزادی کا سورج طلوع ہوتا ہے۔ ہندوستان کی آزادی بھی کوئی یک روزہ واقعہ نہ تھی کہ ایک صبح آنکھ کھلی اور غلامی کی زنجیریں ٹوٹ گئیں، اس کے پس پشت صدیوں کی کشمکش، مسلسل مزاحمت، خونِ شہیداں، عزمِ مرداں اور وطن کی محبت سے سرشار دلوں کی ایک طویل داستان ہے۔ اسی داستان کے بعض روشن اوراق کو یکجا کرنے والی ایک قابلِ قدر، محققانہ اور فکر انگیز کتاب حال ہی میں منظرِ عام پر آئی ہے، جس کا نام ہے: ’’وطن کے سپوت‘‘۔ مصنف حضرت مولانا مفتی ریاض احمد صاحب قاسمی، استاذِ حدیث و فقہ جامعہ رحمانی مونگیر ہیں۔ کتاب کا موضوع ہی ایسا ہے کہ قاری کے اندر تجسس پیدا کرتا ہے، اور جب وہ صفحات پلٹتا ہے تو واقعات کی ایک ایسی دنیا سامنے آتی ہے جہاں پلاسی کے میدان سے لے کر مونگیر، بکسر، صادق پور، میسور، کیرالہ، روہیل کھنڈ، دہلی، اجمیر، دکن، گجرات، مظفر نگر، میرٹھ، ممبئی، لکھنؤ، کشمیر، کلکتہ، سندھ اور شاملی تک آزادی کے متوالوں کے نقوش دکھائی دیتے ہیں۔ امین سلونوی کہتے ہیں:
خوں شہیدانِ وطن کا رنگ لا کر ہی رہا
آج یہ جنت نشاں ہندوستاں آزاد ہے
اس کتاب کا میرے لیے تعارف محض ایک نئی مطبوعہ کتاب کے طور پر نہیں، اس کے اوراق سے میری ایک شخصی اور قلبی نسبت بھی وابستہ ہے۔ مجھ کو زمانۂ طالب علمی میں جامعہ رحمانی مونگیر کے دورۂ حدیث شریف میں حضرت مصنف صاحب سے ترمذی شریف کی احادیث نبویہ پڑھنے اور زانوۂ تلمذ تہہ کرنے کا شرف حاصل رہا ہے۔ اس نسبت نے کتاب کے مطالعے میں ایک عجیب قلبی کیفیت پیدا کر دی، اس میں یادوں کی خوشبو، درس گاہ کی بازگشت اور استاذ محترم کے علمی ذوق کی شناسا آہٹ بھی شامل ہوجاتی ہے۔ کتاب ہاتھ میں کیا آئی، گویا تاریخ کا ایک دریچہ کھل گیا صفحات پلٹتے گئے اور مطالعہ آگے بڑھتا گیا۔ نہ طبیعت اکتائی، نہ ذہن پر بوجھ محسوس ہوا، یوں محسوس ہوا جیسے مضامین کی چاشنی کے سمندر کی لہروں پر کوئی بے تکلف تیرتا چلا جا رہا ہو۔ کبھی کسی واقعے کی گہرائی میں اترتا، کبھی کسی مجاہد کی قربانی کے موتی چنتا، کبھی تاریخ کی کسی فراموش شدہ گوشے سے آشنا ہوتا، کبھی پلاسی کے میدان میں پہنچا، کبھی میر قاسم کے مونگیر میں، کبھی شاہ ولی اللہ دہلویؒ کے دربار میں، کبھی ٹیپو سلطان کے میسور میں، کبھی قاسم ناناتوی کے دیوبند میں اور کبھی کیرالہ کے ان مجاہدین کے درمیان جن کے تذکرے تاریخ کے عمومی نصاب میں نسبتاً کم سنائی دیتے ہیں۔ یہ کیفیت کتاب کی کشش اور مصنف کے طرز نگارش دونوں کی غمازی کرتی ہے۔ کتاب کے ابتدائی اوراق ہی میں انتساب پر نظر پڑی تو دل نے بے اختیار اس کی ادبی گہرائی اور لطافت کے ساتھ ساتھ، اس نعرے کو ذہن میں محفوظ کر لیا: ’’وطن کے سپوت زندہ باد، وطن کے کپوت مردہ باد۔‘‘ مختصر، برجستہ، بامعنی اور اپنے اندر دو رخی تصویر کی ایک پوری کہانی پر مشتمل یہ نعرہ کتاب کے مزاج کا گویا جلی عنوان بن جاتا ہے۔ وطن کے لیے جان، مال، عزت، آرام اور زندگی کے قیمتی لمحات قربان کرنے والے ’’سپوت‘‘ اور قومی مفاد کے بالمقابل ذاتی اغراض، عافیت پسندی یا مفاد پرستی کو ترجیح دینے والے ’’کپوت‘‘ دو لفظوں میں ایک پوری داستان ہے، جو سری ادب کا بہترین نمونہ ہے۔
کتاب کے کلماتِ تشکر میں مصنف نے نہایت خوب صورتی سے علمی و ادبی سفر کے پس پردہ کارفرما عناصر کی طرف تفصیلی اشارہ کیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں: ’’یہ حقیقت ہے کہ کوئی بھی علمی، یا ادبی خدمت محض ایک قلم کی جنبش نہیں ہوتی، بلکہ اس کے پس منظر میں بے شمار مخلص ہاتھ، خیر خواہ دل، قیمتی دعائیں اور مؤثر رہنمائیاں شامل ہوتی ہیں۔‘‘ یہ اعترافِ حقیقت مصنف کے مزاج کی انکسار پسندی کا آئینہ بھی ہے اور علمی روایت سے ان کی وابستگی کا اظہار بھی۔ کتاب کے پیش لفظ میں ایک اہم اور بنیادی سوال اٹھایا گیا ہے کہ اسلام وطن سے محبت اور اس کی خیر خواہی کے بارے میں کیا تعلیم دیتا ہے؟ اور ہندوستان کی آزادی، تعمیر و ترقی اور پاسبانی میں مسلمانوں کا کردار کیا رہا ہے؟ مصنف نے قرآن و حدیث، سیرت اور تاریخی شواہد کی روشنی میں پہلے سوال کا جواب تلاش کرنے کی کوشش کی ہے، جبکہ دوسرے سوال کا جواب ان کے نزدیک یہ پوری کتاب ہے، خصوصاً یہ حصہ کہ ہندوستان کی آزادی کے لیے مسلمانوں نے 1754ء سے 1947ء تک مختلف ادوار میں بے مثال قربانیاں پیش کیں اور آزادی، تعمیر و ترقی اور حفاظتِ وطن کی جدوجہد میں نمایاں حصہ لیا۔ اس حوالے سے کتاب کا یہ اقتباس قابلِ توجہ ہے: ’’1857ء سے پہلے کی جنگ آزادی ہو یا بعد کی، وطن کی تعمیر و ترقی اور اس کی پاسبانی کی تحریکیں ہوں یا تنظیمیں، مسلمانوں نے ہر جگہ اپنی جان، مال، اولاد اور زندگی کے قیمتی لمحات کو بے لوث نچھاور کر کے ملک کی آزادی و پاسبانی اور تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور صف اول کی حصہ داری نبھائی ہے، جو تاریخ ہند کا روشن باب ہے۔‘‘
بقولِ علامہ اقبال:
فرد قائم ربطِ ملت سے ہے تنہا کچھ نہیں
موج ہے دریا میں اور بیرونِ دریا کچھ نہیں
کتاب کی علمی وقعت کا اندازہ اس پر اہلِ علم کی آرا سے بھی ہوتا ہے۔ چنانچہ نمونۂ اسلاف، امینِ علومِ اکابر حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم صاحب نعمانی دامت فیوضہم مہتمم و شیخ الحدیث دارالعلوم دیوبند نے اسے ’’محققانہ اور فکر انگیز کتاب‘‘ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ یہ اہلِ ذوق کے لیے دلچسپ معلومات کا مجموعہ ہے اور حواشی و حوالہ جات نے اس کی معتبریت میں اضافہ کردیا ہے۔ اسی طرح امیرِ شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب دامت برکاتہم نے مصنف کے اسلوب کے بارے میں لکھتے ہیں: ’’مصنف کا اسلوب سادہ، شگفتہ اور عام فہم ہے، غیر ضروری طوالت سے اجتناب اور جامعیت کا اہتمام اس کتاب کی نمایاں خوبیوں میں سے ہے۔‘‘ اور حضرت مولانا مفتی محمد ثناء الہدیٰ صاحب قاسمی مدظلہ العالی نے مصنف کی تاریخی و تحقیقی صلاحیتوں کے ارتقا میں مفکرِ ملت، امیر شریعت سابع حضرت مولانا محمد ولی صاحب رحمانی رحمہ اللہ کی حوصلہ افزائی، رہنمائی اور سرپرستی کو نمایاں قرار دیا ہے۔ ان کے نزدیک کتاب تاریخی، علمی اور فقہی خدمات کا ایک عمدہ مرقع ہے اور اس کی زبان سادہ، رواں اور تکلف و تصنع سے پاک ہے۔
کتاب کا دائرۂ مطالعہ خاصا وسیع ہے۔ یورپی اقوام کی ہندوستان آمد سے لے کر پرتگالیوں، فرانسیسیوں اور انگریزوں کے خلاف مزاحمت تک۔ علی وردی خان، سراج الدولہ، میر قاسم، شجاع الدولہ، شاہ عالم ثانی، حیدر علی اور شہیدِ حریت ٹیپو سلطان جیسے کرداروں سے لے کر مراٹھوں، سکھوں، اور اہلِ کیرالہ کی جدوجہد تک، مصنف نے مختلف تاریخی مراحل کو سامنے رکھا ہے۔ پلاسی کی جنگ 1757ء اور جنگِ بکسر 1764ء جیسے فیصلہ کن تاریخی واقعات کے ساتھ ساتھ جنوبی ہند اور دیگر خطوں کی مزاحمتوں کو بھی جگہ دی گئی ہے۔ کتاب کا دوسرا اہم گوشہ آزادی کی تحریکوں اور فکری بیداری سے متعلق ہے۔ شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمہ اللہ، شاہ عبدالعزیز رحمہ اللہ، سید احمد شہید رحمہ اللہ، شاہ اسماعیل شہید رحمہ اللہ، علماءِ صادق پور، تیتو میر، بنگال کی فرائضی تحریک، مولانا احمد اللہ شاہ اور علماءِ دیوبند کی جدوجہد جیسے ابواب اس امر کی طرف متوجہ کرتے ہیں کہ آزادی کی تحریک محض میدانِ جنگظپ میں تلوار اٹھانے والوں تک محدود نہ تھی، اس کے پیچھے فکر، دعوت، اصلاح، تنظیم اور مسلسل جدوجہد کی ایک طویل داستان بھی تھی۔ کتاب کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ اس میں صرف معروف ناموں پر اکتفا نہیں کیا گیا، بلکہ ان مجاہدین اور تحریکوں کا بھی ذکر ملتا ہے جو تاریخ کے شور میں کہیں دب گئے یا جن کا تذکرہ عام مطالعے میں کم ملتا ہے۔ روہیل کھنڈ کی جنگیں، امیر خان کی معرکہ آرائیاں، مفتی محمد عوض اور بریلی کی جنگ، مولانا نصیر الدین دہلوی کی مہم اور علماءِ دیوبند کی شاملی کی جنگ اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔ یہاں فیض احمد فیضؔ کا ایک شعر ذہن کے حاشیے میں دیر سے کروٹیں لیتا ہوا، اب یکایک لبوں پر آ ٹھہرتا ہے کہ:
جس دھج سے کوئی مقتل میں گیا وہ شان سلامت رہتی ہے
یہ جان تو آنی جانی ہے اس جاں کی تو کوئی بات نہیں
’’وطن کے سپوت‘‘ کے صفحات 30 سے 98 تک پھیلے تاریخی مباحث کے تناظر میں اس کا اشاریہ محض رسمی خانہ پُری نہیں، گویا پوری تصنیف کا ایک مختصر نقشۂ راہ اور کتاب کے اندر چھپی ہوئی ایک دوسری کتاب ہے۔ حروفِ تہجی کی ترتیب سے مرتب یہ اشاریہ قاری کو تاریخ کے ان گوشوں تک لے جاتا ہے جہاں بڑے بڑے ناموں کے ساتھ وہ کردار بھی جلوہ گر ہیں جنہیں عام تاریخی بیانیے نے یا تو حاشیے پر ڈال دیا یا بالکل فراموش کردیا۔ الف سے ی تک نگاہ دوڑائیے تو اجمیر، آگرہ، افغانستان، اودھ، ایران کے ساتھ پیر احمد شہید، احمد شاہ ابدالی، مولانا احمد اللہ شاہ، شاہ اسماعیل شہید، حاجی امداد اللہ مہاجر مکی اور امیر خان دکھائی دیتے ہیں۔ ب کے تحت بالاکوٹ، بریلی، بنگال، بیکسر، برہان پور، بیجاپور اور باجی راؤ پیشوا جیسے مقامات و شخصیات تاریخ کے در وا کرتے ہیں۔ پ اور ت سے پانڈی چیری، پٹنہ، پونا، تحریکِ ولی اللہی، تھانہ بھون، تیتو میر اور ٹیپو سلطان سامنے آتے ہیں۔ ج کے صفحات جاٹ، جبل پور، جلیانوالا باغ، مولانا محمد جعفر تھانیسری اور راجہ جگن ناتھ سنگھ کی یاد دلاتے ہیں۔ جب کہ خ، د اور ڈ کے ابواب خالصہ، خلافتِ عثمانیہ، دارالحرب، دارالعلوم دیوبند، دہلی، دکن اور ڈوپلے جیسے الفاظ کے ذریعے تاریخ کے فکری اور جغرافیائی پس منظر کو وسیع کرتے ہیں۔ ر سے حافظ رحمت خان، مولانا رشید احمد گنگوہی، مہاراجہ رنجیت سنگھ اور روہیلے۔ ز سے زین الدین مخدوم کبیر و صغیر۔ ش سے شاہ عالم ثانی، شاہ ولی اللہ، شجاع الدولہ، مولانا شریعت اللہ اور شمالی ہند۔ ص اور ض سے میر صادق، صادق پور، فغان شاہ کاغانی اور حافظ ضامن شہید۔ پھر ع کے تحت شاہ عبدالعزیز دہلوی، شاہ عبدالغنی مجددی، عبیداللہ سندھی، علی وردی خان، مولانا عنایت علی اور متعدد دوسرے نام۔ یہ سب مل کر اس حقیقت کی شہادت دیتے ہیں کہ آزادیِ ہند کی داستان کسی ایک شہر، ایک طبقے یا ایک عہد کی داستان نہیں، بلکہ پورے برصغیر کے طول و عرض میں پھیلی ہوئی ایک طویل، پیچیدہ اور قربانیوں سے لبریز جدوجہد ہے۔ غ، ف، ق، ک اور دیگر حروف کے تحت غلام رسول مہر، فرائضی تحریک، مولانا فرحت حسین صادق پوری، مولانا محمد قاسم نانوتوی، میر قاسم، کارنوالس، کلائیو، کلکتہ، کلیم عاجز اور کیرالہ جیسے نام قاری کو کبھی میدانِ جنگ میں، کبھی علمی مراکز میں، کبھی درباروں کے پیچ و خم میں اور کبھی تحریکوں کے تہہ خانے میں لے جاتے ہیں۔ آخر میں واسکوڈی گاما، وزیر الدولہ، مولانا ولایت علی، ویلزلی، وہابی تحریک، ہالینڈ، ہند اور یورپ جیسے الفاظ اس تاریخی تصویر کا دائرہ مزید وسیع کردیتے ہیں۔ اس اشاریے کی خوبی یہی ہے کہ یہ مجھ کو محض یہ نہیں بتاتا کہ کتاب میں کیا کچھ ہے، بلکہ اس کے دل میں یہ سوال جگا دیتا ہے کہ آخر ان ناموں کے پیچھے کون سی داستانیں، کون سے معرکے، کون سی سازشیں، کون سی قربانیاں اور کون سے فراموش شدہ کردار پوشیدہ ہیں؟ یوں چند صفحات کا یہ اشاریہ خود ایک دعوتِ مطالعہ بن جاتا ہے۔ میں ایک نام پر ٹھہرتا ہوں، دوسرے کی طرف بڑھتا ہوں، پھر تیسرے کے پیچھے چھپی تاریخ مجھے اپنی گرفت میں لے لیتی ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں ’’وطن کے سپوت‘‘ محض پڑھی جانے والی کتاب نہیں رہتی، بلکہ تاریخ کے بند دریچوں کو وا کرنے والی ایسی کلید بن جاتی ہے جسے ہاتھ میں لے کر مجھ جیسے کم مایہ طالب علم بے اختیار کتاب کے ابتدائی اوراق کی طرف لوٹنے پر مجبور ہوجاتا ہے۔
اس تصنیف کے پس منظر میں مصنف کا طویل علمی و تحقیقی سفر بھی خاص طور پر قابلِ ذکر ہے۔ پہلا مقابلہ 22 مارچ 2010ء کو ”1857ء سے پہلے آزادیِ ہند کی جنگ: مستند تاریخ کے آئینے میں“ کے موضوع پر آل انڈیا تحریری مقابلے میں ان کا مقالہ اول پوزیشن کے ساتھ ممتاز قرار پایا، جس کے بعد حضرت مولانا محمد علی مونگیری رحمہ اللہ کی فقہی خدمات، حضرت امیرِ شریعت سابع رحمہ اللہ کی فقہی بصیرت، عصری تعلیم سے متعلق ان کے افکار و اعمال اور سیاسی نظریے جیسے اہم موضوعات پر ان کے تحقیقی مقالات سامنے آتے رہے۔ یہی علمی ذوق اور تاریخی جستجو ”وطن کے سپوت“ میں ایک جامع صورت اختیار کرتی محسوس ہوتی ہے۔ آزادیِ ہند کے معرکوں اور مجاہدین کی جاں فشانیوں اور تاریخ کے گرد آلود اوراق سے گزرتا ہوا خانوادۂ رحمانی کی علمی و فکری کارناموں تک پہنچتا ہے تو محسوس ہوتا ہے استاذ محترم نے تاریخ کے ایک اور روشن باب کا دریچہ کھول دیا ہے۔ جہاں شمشیر کی جگہ قلم، میدانِ کارزار کی جگہ درس گاہ اور معرکۂ جنگ کی جگہ فقہ و فکر کی وسیع دنیا نظر آتی ہے۔ دوسرا مقالہ ”حضرت مولانا محمد علی مونگیری رحمہ اللہ کی علمی و فقہی خدمات“ شخصیت سے گفتگو شروع ہوتی ہے تو ان کی عبقریت، علمی مہارت، فقہی تربیت، فقہی کمال، فقہی مزاج اور بلند فقہی مقام کے متعدد پہلو سامنے آتے چلے جاتے ہیں۔ احکامِ شرعیہ میں مراتب کی تمیز، فتویٰ نویسی، تصنیف و تالیف، فقہی خدمات اور علمی مراکز کے قیام کے سلسلے میں ان کی خدمات کا دائرہ اتنا وسیع ہے کہ مجھ جیسے کم مایہ طالب علم ایک گوشے کو دیکھتا ہے تو دوسرا گوشہ اسے اپنی طرف متوجہ کرلیتا ہے۔ ’’مسلمان ایک امت ایک جماعت‘‘، ’’غایۃ التنقیح فی اثبات التراویح‘‘، ’’احکام التراویح‘‘، ’’نجات المؤمنین‘‘ اور ’’کتاب المسئلہ‘‘ جیسی علمی تحریریں ان کے فقہی ذوق کی مختلف جہتوں کی نشان دہی کرتی ہیں، جب کہ اردو میں جمعہ و عیدین کے خطبے کی روایت، فقہی مراکز کا قیام، دارالافتاء ندوۃ العلماء، دارالعلوم ندوۃ العلماء، جامعہ رحمانی اور دارالافتاء خانقاہِ رحمانی جیسے اداروں کا تذکرہ اس علمی وراثت کو فرد سے ادارے اور ادارے سے ایک زندہ تحریک میں بدلتا دکھائی دیتا ہے۔ پھر نظر حضرت مولانا مفتی عبد اللطیف صاحب رحمانی، حضرت مولانا عبداللہ احمد صاحب رحمانی، امیرِ شریعت حضرت مولانا منت اللہ صاحب رحمانی اور حضرت مولانا فضل اللہ صاحب جیلانی کی طرف اٹھتی ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ سلسلہ کسی ایک شخصیت پر آکر ٹھہرا نہیں، بلکہ علم و دیانت، فقہ و بصیرت اور خدمت و قیادت کی ایک مسلسل کارنامہ ہے۔ اسی علمی تسلسل کی ایک درخشاں کڑی ”امیرِ شریعت سابع حضرت مولانا محمد ولی رحمانی رحمۃ اللہ علیہ کی فقہی بصیرت“ پر مشتمل تیسرا مقالہ ان کی علمی شخصیت کے کئی در وا کرتا ہے: طائفۂ منصورہ کا ممتاز فرد، تعلیم و تربیت، درس و تدریس، فقہی مزاج و خدمات، اصولِ استنباط اور شرعی احکام کی تصحیح و تہذیب، مجموعۂ قوانینِ اسلامی کی ترتیب و تصحیح، فقہی مقالات و خطوط، فقہی تربیت و رجال سازی، فقہی مجالس اور استفتاء کے جوابات یہ سب عنوانات مل کر اس فقہی ذہن کی تصویر بناتے ہیں جس نے فقہ کو محض کتابی مباحث تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے امت کی عملی رہنمائی کا وسیلہ بنایا۔ اسی کے ساتھ حضرت امیرِ شریعت سابع رحمۃ اللہ علیہ اور عصری تعلیم کے موضوع پر چوتھا مقالہ ان کی دوراندیشی کا دوسرا رخ سامنے لاتا ہے۔ اسلام کو علمِ نافع کا علم بردار سمجھنے سے لے کر زمانہ شناسی، دینی مدارس کی تعلیم کو عام کرنے، عصری تعلیمی نظام کی اصلاح، عصری دانش گاہوں کی رہنمائی، رحمانی فاؤنڈیشن کی تاسیس و سرپرستی، رحمانی 30 جیسے مثالی کارنامے، امارتِ شرعیہ کے تحت معیاری عصری تعلیم کے فروغ، نئی نسل کو دورِ ایاز کے تقاضوں کے لیے تیار کرنے اور منت فاؤنڈیشن کے قیام تک، ہر قدم اس حقیقت کی گواہی دیتا ہے کہ ان کی نگاہ ماضی کی علمی میراث پر بھی تھی اور مستقبل کے امکانات پر بھی۔ پھر پانچواں مقالہ ”حضرت مولانا محمد ولی رحمانی رحمۃ اللہ علیہ کا سیاسی نظریہ: تفصیلات و خصوصیات“، ان کے فکری افق کو مزید وسیع کر دیتا ہے۔ عالمی سیاست کے خطرناک کھیل، عالمی طاقتوں کے سپر پاور بننے کی کشمکش اور ان کے ناپاک منصوبوں سے لے کر اسلامی ریاست اور عصرِ حاضر کی سیاست تک، اور ملکی سطح پر دستور کی حفاظت، ملک کی سالمیت، مظلوموں کی حمایت، ”سب کا ساتھ، سب کا انصاف“ اور کرنے کے کام جیسے نکات سے لے کر ملی سیاست میں تحفظِ شریعت، تحفظِ مدارس، اعلیٰ معیاری تعلیم، دینی و عصری تعلیم اور اصلاحِ معاشرہ تک۔ مصنف نے اس فکر کے مختلف دائروں کو نہایت جامع انداز میں سمیٹ دیا ہے۔ صفحات 189 تا 194 کے حواشی اس پورے علمی و فکری بیان کو حوالہ جاتی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ یوں ’’وطن کے سپوت‘‘ کا یہ حصہ پڑھتے ہوئے قاری کو محسوس ہوتا ہے کہ کتاب صرف مجاہدینِ آزادی کے کارنامے گنوانے پر موقوف نہیں۔ مصنف محترم نے خانوادۂ رحمانی کے اس علمی و فقہی، دینی و ملی اور سیاسی و سماجی کارنامے کو بھی تاریخ کے آئینے میں دکھایا ہے جس میں قلم، فقہ، فکر، تعلیم، اصلاح اور قیادت و سیاست ایک دوسرے سے دست و گریباں نہیں، بلکہ دست و بازو بن کر امت کی تعمیر میں مصروف نظر آتے ہیں۔ اور شاید یہی اس حصے کا سب سے دل کش پہلو ہے کہ ایک نام دوسرے نام تک پہنچاتا ہے، ایک ادارہ دوسرے ادارے کا دروازہ کھولتا ہے اور ایک علمی خدمت کے پیچھے دوسری خدمت کا سراغ ملتا چلا جاتا ہے۔ مجھ کو یوں لگتا ہے جیسے کسی کتاب کا نہیں، ایک پورے علمی خانوادے کے سفرنامے کا مطالعہ کررہا ہوں اور یہی تجسس اگلا صفحہ پلٹنے پر مجبور کرتا ہے۔ ان اوراق کو پڑھتے ہوئے علامہ اقبال کا یہ شعر بے اختیار یاد آتا ہے:
محبت مجھے ان جوانوں سے ہے
ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند
واقعی قوموں کی تاریخ ان ہی بلند حوصلہ انسانوں سے بنتی ہے جو حالات کی آندھیوں میں چراغِ عزم کو بجھنے نہیں دیتے۔ ’’وطن کے سپوت‘‘ ایسے ہی چراغوں کی تلاش کا نام ہے۔ ایک جگہ پر مصنف نے مختلف ادوار کی جدوجہد کو سمیٹتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وطن کی آزادی اور اس کی پاسبانی کے سفر میں جس کے بس میں جو کچھ تھا، اس نے کیا بلکہ بسا اوقات اس سے بھی بڑھ کر کیا۔ اسی جذبے کو کلیم عاجزؔ کے اس شعر سے تقویت ملتی ہے:
تجھے اب بھی میرے خلوص کا نہ یقین آئے تو کیا کروں
تیرے گیسؤوں کو سنوار کر تجھے آئینہ بھی دکھا دیا
’’وطن کے سپوت‘‘ کی اصل معنویت بھی شاید یہی ہے کہ تاریخ کے آئینے کو صاف کیا جائے، اس میں جھلکتے چہروں کو پہچانا جائے اور آنے والی نسلوں کو بتایا جائے کہ آزادی کسی ایک طبقے، جماعت یا فرد کی عطا نہیں، اس کے پیچھے نسلوں کی محنت، قربانیاں اور جاں نثاریاں پوشیدہ ہیں۔
میری نظر میں یہ کتاب اپنے استاذِ محترم کی علمی تصنیف ہی نہیں، بلکہ تاریخ کے ان روشن گوشوں کی طرف ایک سنجیدہ دعوتِ مطالعہ بھی ہے جنہیں نظر انداز کرنا ہمارے اجتماعی حافظے کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ اس کی سادہ و شگفتہ زبان، حوالہ جاتی اہتمام، متنوع موضوعات اور اشاریہ اسے اہلِ مطالعہ کے لیے مفید بناتے ہیں۔ دعا ہے کہ ’’وطن کے سپوت‘‘ اہلِ علم کے حلقوں میں قدر و قبول کی منزلیں طے کرے، نئی نسل کو تاریخ کے ان گمنام اور نامور سپوتوں سے روشناس کرائے اور وطن سے وفاداری، ملی شعور اور خدمتِ خلق کے جذبے کو مزید مہمیز عطا کرے۔ بقولِ میرؔ:
پتا پتا، بوٹا بوٹا حال ہمارا جانے ہے
جانے نہ جانے گل ہی نہ جانے، باغ تو سارا جانے ہے
آخر میں یہی کہنا کافی ہے کہ “وطن کے سپوت” ایک ایسی کتاب ہے جسے صرف ایک مرتبہ پڑھ کر طاقِ نسیاں میں رکھ دینے کے بجائے مطالعہ، تدریس اور تاریخی شعور کی بیداری کے لیے محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔ اس کے اوراق میں ہمارے ماضی کی آہٹ ہے، مجاہدین کے لہو کی خوشبو ہے، علماء کی فکری کاوشوں کی بازگشت ہے، خانقاہوں کی تربیتی روایت ہے اور ایک ایسے ہندوستان کی تصویر ہے جس کی آزادی کے لیے مختلف طبقات نے اپنی اپنی بساط کے مطابق قربانیاں پیش کیں۔ کتاب ختم ہوئی تو محسوس ہوا کہ تاریخ کا ایک باب بند نہیں ہوا، بلکہ ایک نیا سوال کھل گیا ہے: وطن کے ان سپوتوں نے اپنا فرض ادا کر دیا، اب ہماری باری ہے۔
اللہ تعالیٰ استاذ محترم کی اس علمی و تحقیقی تصنیف کو شرفِ قبول عطاء فرمائے، اسے ملک و ملت کے لیے نافع بنائے، تاریخ کے ان روشن کرداروں کو ہماری نئی نسلوں کے لیے قابلِ تقلید نمونہ بنائے اور قلم کو حق لکھنے، زبان کو حق کہنے اور دل کو حق پر قائم رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین
کتاب براہِ راست مصنف سے حاصل کرنے کے لیے درج ذیل نمبر پر رابطہ کیا جا سکتا ہے: 7079707529۔