پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے مطابق، ایک آئل ٹینکر خصب بندرگاہ کے داخلی راستے پر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جبکہ آبنائے ہرمز کے مشرق میں ایک دوسرے ٹینکر میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔
تہران / دبئی: آبنائے ہرمز کے اطراف بڑھتی ہوئی بحری کشیدگی کے درمیان ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ (IRGC) نے دعویٰ کیا ہے کہ عمان کی خصب بندرگاہ کے داخلی راستے پر ایک آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جبکہ آبنائے ہرمز کے مشرق میں ایک دوسرے آئل ٹینکر میں زوردار دھماکا ہوا، جس کے بعد اس میں آگ لگ گئی۔
پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، دونوں تجارتی جہاز مبینہ طور پر اپنے مقام کی نشاندہی کرنے والے پوزیشننگ سسٹم بند کرکے غیر مجاز بحری راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ایرانی بحریہ نے الزام عائد کیا کہ یہ جہاز آبنائے ہرمز کے اس راستے سے گزرنا چاہتے تھے جسے ایران نے غیر قانونی اور جعلی قرار دیا ہے۔
پوزیشننگ سسٹم بند کرکے خفیہ طور پر گزرنے کی کوشش کا الزام
ایرانی بحریہ نے اپنے بیان میں کہا کہ دونوں ٹینکرز نے اپنے پوزیشننگ سسٹم بند کر رکھے تھے اور خفیہ طور پر آبنائے ہرمز کے غیر مجاز راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ بیان کے مطابق، اس دوران ایک جہاز خصب بندرگاہ کے قریب بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا، جبکہ دوسرے میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔
پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہاز ایرانی مسلح افواج کے ساتھ رابطہ اور ہم آہنگی کے بغیر غیر مجاز راستے اختیار نہ کریں، کیونکہ اس سے جہازوں اور ان کے عملے کی سلامتی کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
یہ تازہ دعوے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت اور تجارتی جہازوں کی سلامتی کے حوالے سے خدشات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔
24 نومبر کو بھی چار آئل ٹینکروں میں دھماکوں کا دعویٰ
اس سے قبل 24 نومبر کو بھی ایرانی پاسدارانِ انقلاب اور مسلح افواج کی بحریہ نے دعویٰ کیا تھا کہ آبنائے ہرمز میں بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے نتیجے میں چار آئل ٹینکروں میں دھماکے ہوئے اور ان میں آگ لگ گئی۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے (IRIB) کے ذریعے نشر کیے گئے بیان میں پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے کہا تھا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والا ایک آئل ٹینکر بحری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد دھماکے کا شکار ہوگیا اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔
بیان کے مطابق، واقعے کو دیکھنے اور آبنائے ہرمز کے ٹریفک کنٹرول سینٹر سے ریڈیو کے ذریعے انتباہ موصول ہونے کے بعد دو دیگر ٹینکروں نے اپنا راستہ تبدیل کیا اور خلیج فارس کی جانب واپس لوٹ گئے۔
ایرانی بحریہ نے اس موقع پر سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ غیر مجاز اور جعلی بحری راستوں سے گزرنے کی کوشش کرنے والے جہازوں کو دھماکوں اور آتش زدگی جیسے سنگین خطرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ممنوعہ بحری علاقے میں داخل ہونے پر بھی اعتراض
ایک علیحدہ بیان میں ایرانی بحریہ نے دعویٰ کیا تھا کہ آبنائے ہرمز کے مشرق میں ایک ممنوعہ بحری علاقے میں داخل ہونے کے بعد دو دیگر آئل ٹینکر آگ کی لپیٹ میں آگئے۔
ایرانی حکام کے مطابق، ان جہازوں نے بھی ممنوعہ علاقے میں داخل ہونے سے قبل اپنے شناختی اور نیویگیشن سسٹم بند کر دیے تھے، جس کے بعد وہ مبینہ طور پر بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گئے۔
ایرانی بحریہ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرگاہ کے لیے تجارتی جہازوں کے مالکان اور آپریٹرز کو ایرانی مسلح افواج کے ساتھ رابطہ اور ہم آہنگی برقرار رکھنا ضروری ہے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ایران کے مطالبات پورے ہونے تک آبنائے ہرمز کو کھولنے کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔
تین تجارتی جہازوں پر نامعلوم پروجیکٹائل سے حملوں کی اطلاع
دریں اثنا، برطانوی بحری سلامتی کے ادارے یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) نے آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں تین تجارتی جہازوں پر نامعلوم پروجیکٹائلز سے حملوں کی اطلاع دی ہے۔
ادارے کی واقعے سے متعلق رپورٹ کے مطابق، تینوں جہاز آبنائے ہرمز سے مشرق کی جانب سفر کر رہے تھے کہ انہیں نامعلوم گولوں یا میزائل نما اشیا سے نشانہ بنایا گیا۔
UKMTO نے بتایا کہ ان واقعات میں جہازوں کے عملے کے تمام ارکان محفوظ رہے اور جہازوں نے اپنا سفر جاری رکھا۔ تاہم، جہازوں کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان اور ماحول پر پڑنے والے اثرات سے متعلق تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔
برطانوی ادارے نے خطے سے گزرنے والے تمام تجارتی جہازوں کو انتہائی احتیاط برتنے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا واقعے کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دینے کی ہدایت کی ہے۔ واقعے کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔
آبنائے ہرمز میں پیش آنے والے ان واقعات نے خطے میں بحری سلامتی اور عالمی تیل کی ترسیل کے حوالے سے خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔ یہ آبی گزرگاہ عالمی توانائی کی تجارت کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے، اس لیے یہاں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات بین الاقوامی بحری تجارت پر بھی مرتب ہوسکتے ہیں۔