میگھالیہ کے جوائی علاقے میں جوان مبینہ طور پر غیر ارادی طور پر بین الاقوامی سرحد عبور کرکے بنگلہ دیشی حدود میں داخل ہوگیا تھا
نئی دہلی: بنگلہ دیش کی سرحدی حفاظتی فورس (بی جی بی) نے منگل کے روز میگھالیہ میں بین الاقوامی سرحد کے قریب سے بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ایک مسلح جوان کو حراست میں لے لیا۔ حکام کے مطابق جوان غیر ارادی طور پر سرحد عبور کرکے بنگلہ دیشی حدود میں داخل ہوگیا تھا۔ اسے واپس لانے کے لیے دونوں ممالک کی سرحدی فورسز کے درمیان فلیگ میٹنگ کی جا رہی ہے۔
حکام نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ یہ واقعہ میگھالیہ کے جوائی علاقے میں پیش آیا، جو بنگلہ دیش کے ضلع سلہٹ کے بالمقابل واقع ہے۔ اس علاقے میں سرحد کے دونوں جانب سیاحوں کی آمد و رفت رہتی ہے۔
دریں اثنا، بی ایس ایف حکام نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی بعض ویڈیوز کا بھی نوٹس لیا ہے۔ ان ویڈیوز میں بی جی بی کے دو اہلکاروں اور چند مقامی افراد کو بھارتی جوان کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں جوان کے پاس واکی ٹاکی سیٹ موجود ہے، جبکہ اس کے جسم پر انساس رائفل اور پمپ ایکشن گن بھی لٹکی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔
ویڈیو میں مزید دیکھا جا سکتا ہے کہ بی جی بی کے اہلکار بھارتی جوان کو ایک مقامی شخص کی موٹر سائیکل پر بٹھا کر لے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق جوان کی بحفاظت واپسی کے لیے دونوں جانب سے رابطہ کیا جا رہا ہے اور فلیگ میٹنگ کے ذریعے معاملے کو حل کرنے کی کوشش جاری ہے۔
واضح رہے کہ بی ایس ایف بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان تقریباً 4,096 کلومیٹر طویل بین الاقوامی سرحد کی نگرانی کرتی ہے۔ یہ سرحد بھارت کی مشرقی ریاستوں سے گزرتی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سرحدی سلامتی کے اعتبار سے خاص اہمیت رکھتی ہے۔