قاہرہ کے جنوب میں گیزہ کے علاقے العیاط میں ایک ٹرین دوسری ٹرین کے آخری ڈبے سے ٹکرا گئی؛ کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، حادثے کے بعد راحت و بچاؤ کا کام جاری
مصر میں اتوار، 8 نومبر کو ایک خوفناک ٹرین حادثے میں کم از کم سات افراد ہلاک اور 125 سے زائد زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ دارالحکومت قاہرہ کے جنوب میں واقع صوبہ گیزہ کے ضلع العیاط میں پیش آیا، جہاں ایک مسافر ٹرین اسی ٹریک پر کھڑی دوسری ٹرین کے آخری ڈبے سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے نتیجے میں کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور بعض کو شدید نقصان پہنچا۔
وزارتِ صحت کے مطابق، حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں ٹرین کا ایک کنڈکٹر بھی شامل ہے، جب کہ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ 70 سے زائد زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد اور علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق، فیوم صوبے کی جانب جانے والی گیزہ-فیوم مسافر ٹرین، قاہرہ سے جنوبی صوبے اسوان جانے والی ایک دوسری ٹرین کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ اسوان جانے والی ٹرین اسی ٹریک پر کھڑی تھی اور اسی سمت میں آگے بڑھ رہی تھی، جب پیچھے سے آنے والی ٹرین اس کے آخری ڈبے سے جا ٹکرائی۔
حادثے کے فوراً بعد مقامی باشندے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور بوگیوں میں پھنسے مسافروں کو باہر نکالنے میں مدد کی۔ العیاط کے علاقے کفر گرجا کے ایک رہائشی ایمن جمال کے مطابق، آس پاس کے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو نکالا اور ایمبولینسوں کو اطلاع دی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے تقریباً 80 زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے قریبی اسپتالوں میں منتقل ہوتے دیکھا۔ بعض مسافر رکی ہوئی ٹرین کی بوگی میں پھنس گئے تھے، جنہیں نکالا گیا تو وہ جانبر نہیں ہو سکے تھے۔
حادثے میں بچ جانے والے مسافروں نے بتایا کہ تصادم کے بعد بوگیوں میں دھول اور گردوغبار پھیل گیا، جس سے لوگوں کو سانس لینے میں دشواری پیش آئی۔ بعض مسافر شدید خوف و ہراس کے عالم میں بوگیوں سے باہر نکلنے کی کوشش کر رہے تھے۔ عینی شاہد فرح جمال کے مطابق، حادثے میں کچھ مسافروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جب کہ کئی بوگیاں بری طرح تباہ ہو چکی تھیں۔ بعد ازاں آس پاس کے دیہات کے لوگوں نے مسافروں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے میں مدد کی۔
مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے حادثے پر فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ چیف پراسیکیوٹر کے دفتر کے مطابق، تفتیشی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور حادثے کی وجوہات کا جائزہ لے رہی ہیں۔ دوسری جانب مصری ریلوے اتھارٹی نے ملبہ ہٹانے اور ریلوے ٹریک کو بحال کرنے کے لیے ہنگامی ٹیمیں اور کرینیں روانہ کر دی ہیں، تاکہ ٹرین سروس کو جلد از جلد معمول پر لایا جا سکے۔
واضح رہے کہ مصر کا ریلوے نظام ماضی میں بھی متعدد بڑے حادثات کا شکار رہا ہے۔ ملک میں ٹرینوں کے پٹری سے اترنے اور آپس میں ٹکرانے کے واقعات کے پیچھے نظامی بدانتظامی اور ریلوے آلات کی ناقص دیکھ بھال کو اہم وجوہات قرار دیا جاتا رہا ہے۔ گزشتہ ستمبر میں بھی اسی ضلع میں دو مال گاڑیوں کے درمیان تصادم ہوا تھا، جس میں ایک ڈرائیور اور اس کا معاون زخمی ہو گئے تھے۔
مصر کی تاریخ کا بدترین ریلوے حادثہ 2002 میں پیش آیا تھا، جب قاہرہ سے جنوبی مصر جانے والی ایک مسافر ٹرین میں آگ لگنے سے 300 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔