شارٹ سرکٹ کے باعث پانچ منزلہ مدرسے کی دوسری منزل پر آگ بھڑک اٹھی؛ لائبریری مکمل طور پر جل کر خاکستر، متاثرہ طلباء میں 14 سے 22 سال کی عمر کے نوجوان شامل
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے قریب ایک مدرسے میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد دھوئیں کی زد میں آنے سے کم از کم 79 طلباء کی طبیعت بگڑ گئی، جن میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ متاثرہ طلباء کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
نیوز پورٹل ’بی ڈی نیوز 24 ڈاٹ کام‘ کے مطابق یہ واقعہ منگل کے روز دارالحکومت ڈھاکہ سے تقریباً 16 کلومیٹر دور نارائن گنج میں واقع جامعہ اشرفیہ مدرسے میں پیش آیا۔ فائر سروس کے حکام کے مطابق مدرسے کی پانچ منزلہ عمارت کی دوسری منزل پر بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی، جس نے وہاں موجود لائبریری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ لگنے کے بعد عمارت میں دھواں تیزی سے پھیل گیا، جس کے باعث طلباء میں افراتفری مچ گئی۔ اس دوران باہر نکلنے کی کوشش کرنے والے متعدد طلباء دھوئیں کی زد میں آ گئے اور انہیں سانس لینے میں دشواری سمیت تنفس سے متعلق مختلف طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
متاثرہ طلباء کو ڈھاکہ کے ’نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف برن اینڈ پلاسٹک سرجری‘ منتقل کیا گیا۔ اسپتال کے ریزیڈنٹ فزیشن ڈاکٹر سلطان محمود شکدر کے مطابق 63 طلباء کو داخل کرکے طبی نگرانی میں رکھا گیا، جب کہ 16 طلباء کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے رخصت کر دیا گیا۔
ڈاکٹر شکدر نے بتایا کہ 14 سے 22 سال کی عمر کے چار طلباء انتہائی نگہداشت کے شعبے (آئی سی یو) میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے ایک کو مکینیکل وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق کسی بھی طالب علم کے جسم پر جلنے کے ظاہری نشانات نہیں پائے گئے، تاہم زہریلے دھوئیں کے باعث انہیں سانس کی نالی اور پھیپھڑوں سے متعلق مختلف نوعیت کے نقصانات پہنچے ہیں۔
اسپتال انتظامیہ نے متاثرہ طلباء کی حالت کا جائزہ لینے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق تشویشناک حالت میں موجود طلباء کی طبی صورت حال کا بہتر اندازہ لگانے کے لیے کم از کم 72 گھنٹے درکار ہوں گے۔
’ڈھاکہ ٹریبیون‘ نے فائر سروس کے ڈیوٹی افسر شاہجہاں کے حوالے سے بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ اسپتال میں زیرِ علاج طلباء کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں مدرسے کی دوسری منزل پر واقع لائبریری مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی۔