کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ملک میں بڑھتے ایندھن بحران اور مہنگائی کو لے کر مودی حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک صرف عالمی ایندھن بحران ہی نہیں بلکہ قیادت کے بحران، ناقص پالیسیوں اور دور اندیشی کی کمی کا بھی شکار ہے، جس کا خمیازہ عام عوام کو پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی بڑھتی قیمتوں کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے۔
نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کو لے کر مرکزی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ حالات حکومت کی پالیسی ناکامی اور کمزور قیادت کا نتیجہ ہیں۔ کھڑگے کے مطابق پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی مسلسل بڑھتی قیمتوں نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے اور ہر طبقہ اس کے اثرات محسوس کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ صرف ٹرانسپورٹ تک محدود نہیں رہتا بلکہ اس کا براہ راست اثر روزمرہ کی اشیائے ضروریہ، صنعتوں، کسانوں اور گھریلو بجٹ پر پڑتا ہے۔ ان کے مطابق ایندھن مہنگا ہونے سے مہنگائی کی نئی لہر پیدا ہوتی ہے، جس سے عام آدمی کی پریشانیاں مزید بڑھ جاتی ہیں۔