وزیراعلیٰ کا دعویٰ، ایس آئی آر کے نام پر بی جے پی مخالف، دلت، قبائلی اور اقلیتی ووٹروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا ہے کہ ریاست میں ووٹر فہرستوں کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے دوران تقریباً ایک کروڑ ووٹروں کے نام حذف کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس کارروائی کے ذریعے خاص طور پر بی جے پی مخالف ووٹروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
حیدرآباد میں حال ہی میں انتقال کر جانے والے کمیونسٹ رہنما سرم پلی ملا ریڈی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ووٹر فہرستوں کی نظرثانی کے عمل میں درج فہرست ذاتوں (ایس سی)، درج فہرست قبائل (ایس ٹی) اور اقلیتی برادریوں کے ووٹوں کو بھی خصوصی طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے الزام لگایا کہ بی جے پی جمہوری طریقے سے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد سیاسی فائدے کے لیے نئے طریقے اختیار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے بعض رہنما کھلے عام یہ بات کہہ رہے ہیں کہ تلنگانہ میں بھی وہی طریقہ اختیار کیا جائے گا جو مغربی بنگال میں اپنایا گیا۔
ریونت ریڈی نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی نجی ایجنسیوں کے ذریعے ووٹروں سے متعلق سروے کرا رہی ہے اور اس عمل کی بنیاد پر منظم انداز میں نام ووٹر فہرستوں سے خارج کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتخابی عمل کو متاثر کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کے ادارے کا سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ووٹر فہرست سے کسی بھی اہل شہری کا نام حذف ہونا جمہوری نظام کے لیے سنگین تشویش کا باعث ہے اور حکومت اس معاملے پر پوری نظر رکھے گی۔