کہیں شدید گرمی اور لو کے تھپیڑے لوگوں کی زندگی مشکل بنا رہے ہیں، تو کہیں موسلا دھار بارش، آندھی اور طوفانی ہواؤں نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے کئی علاقوں میں ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق 15 اور 16 مئی کو دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 41 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔ دارالحکومت سمیت شمالی ہندوستان کے کئی حصوں میں دن بھر تیز دھوپ، گرم ہوائیں اور شدید حبس لوگوں کو پریشان کرے گا۔ دہلی، اتر پردیش، بہار، راجستھان اور مدھیہ پردیش میں گرمی کی شدت مسلسل بڑھ رہی ہے، جبکہ جنوبی ریاستوں کرناٹک، تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں بھی شدید تپش کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری جانب کچھ علاقوں میں موسم نے خطرناک رخ اختیار کر لیا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے تیز بارش، گرد آلود آندھی اور طوفانی ہواؤں کا الرٹ جاری کیا ہے۔ بعض مقامات پر ہوا کی رفتار 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث درخت گرنے، بجلی متاثر ہونے اور آمد و رفت میں دشواری کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ محکمہ نے عوام کو کھلے میدانوں، کمزور عمارتوں اور درختوں کے قریب جانے سے گریز کرنے اور محفوظ مقامات پر رہنے کا مشورہ دیا ہے۔