مصروف سیاحتی علاقے میں مسلح شخص نے اندھا دھند گولیاں چلائیں؛ پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں حملہ آور بھی زخمی، گاڑی سے مزید ہتھیار اور گولہ بارود برآمد۔
کراکو: پولینڈ کے تاریخی شہر کراکو کے مرکزی علاقے میں ہفتہ کی دوپہر ایک مسلح شخص کی فائرنگ سے پانچ افراد ہلاک اور کم از کم 12 دیگر زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو جائے وقوعہ کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں گولی مار کر زخمی کردیا۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کے مطابق مسلح شخص نے شہر کے مصروف مرکزی علاقے میں فائرنگ کی، جو ایک معروف سیاحتی مقام بھی ہے۔ زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ کراکو پولیس کی ترجمان کتارزینا سیسلو نے ٹی وی این 24 کو بتایا کہ حملہ آور نے فوجی طرز کی وردی پہن رکھی تھی اور وہ ایک لمبی بندوق سے فائرنگ کر رہا تھا۔ پولیس کو اس کی گاڑی سے مزید ہتھیار اور بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی ملا ہے۔
واقعے کے بعد جائے وقوعہ پر پولیس کی بھاری نفری اور ایمبولینسیں پہنچ گئیں۔ پولش میڈیکل ایئر ریسکیو کا ایک ہیلی کاپٹر بھی مرکزی چوک میں اترا، جب کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
کراکو میونسپل ٹرانسپورٹ کمپنی کے مطابق، سہ پہر تقریباً تین بجے ایک ٹرام ڈرائیور نے اطلاع دی کہ چلتی ہوئی گاڑی میں سوار ایک شخص نے ٹرام پر فائرنگ کی، جس سے ڈرائیور کے کیبن کی کھڑکی ٹوٹ گئی۔ اس واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں کارروائی کی۔
حکومتی قیادت کا اظہارِ افسوس
پولینڈ کے وزیر اعظم ڈونلڈ ٹسک نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ پولیس فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ صدر کیرول ناوروکی نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہمدردیاں متاثرین، زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
پولینڈ میں امریکی سفیر ٹام روز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں فائرنگ کے واقعے کو وحشیانہ اور جان لیوا حملہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اس مشکل وقت میں پولینڈ کے ساتھ کھڑا ہے اور کراکو کے شہریوں سے اظہارِ یکجہتی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ کراکو پولینڈ کا دوسرا سب سے بڑا شہر ہے اور دارالحکومت وارسا سے تقریباً 250 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ شہر اپنے تاریخی ورثے اور سیاحتی مقامات کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ ہر سال تقریباً ڈیڑھ کروڑ سیاح یہاں آتے ہیں، جن میں بڑی تعداد شہر کے تاریخی مرکزی چوک کا رخ کرتی ہے۔