ڈلاس میں سب سے مہلک واقعہ پیش آیا، جہاں تین الگ الگ فائرنگ کے واقعات میں 4 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے، برمنگھم میں بھی ایک شخص کی موت
امریکہ میں ہیلووین ویک اینڈ کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں فائرنگ کے متعدد واقعات پیش آئے، جن میں کم از کم 6 افراد ہلاک اور درجنوں دیگر زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے یہ واقعات زیادہ تر نائٹ لائف کے لیے مشہور علاقوں اور عوامی مقامات پر پیش آئے، جس سے ہفتہ وار تعطیلات کے دوران خوف و ہراس پھیل گیا۔
سب سے زیادہ ہلاکت خیز واقعہ ٹیکساس کے شہر ڈلاس میں پیش آیا، جہاں موسیقی، ریستوراں اور رات کی تفریح کے لیے مشہور علاقے ڈیپ ایلم (Deep Ellum) میں فائرنگ کے تین الگ الگ واقعات رپورٹ ہوئے۔ ان واقعات میں 4 افراد ہلاک اور 15 دیگر زخمی ہوگئے۔
نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق، ڈلاس کے پولیس چیف ڈینیئل کاموکس نے پی بی ایس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا ہفتہ کی رات تقریباً 15 منٹ کے دوران پیش آنے والی فائرنگ کے تینوں واقعات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے تھے یا ان کا آپس میں کوئی تعلق نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال فائرنگ کی وجوہات بھی واضح نہیں ہوسکی ہیں۔
پولیس چیف کے مطابق، اس معاملے میں کچھ گرفتاریاں کی گئی ہیں اور زیر حراست افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ تاہم انہوں نے گرفتار ہونے والوں کی تعداد یا ان کے خلاف عائد الزامات کی تفصیلات نہیں بتائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بڑا معاملہ ہے اور پولیس تمام پہلوؤں سے اس کی تحقیقات کر رہی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں پولیس کی گشت بڑھا دی گئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے ان واقعات میں کوئی پولیس اہلکار زخمی نہیں ہوا۔
دریں اثنا، ریاست الاباما کے شہر برمنگھم میں بھی فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا۔ پولیس کے مطابق، ہفتہ کی رات لیجن فیلڈ اسٹیڈیم کے باہر سالانہ ’میجک سٹی کلاسک‘ فٹ بال میچ کے بعد فائرنگ ہوئی، جس میں ایک شخص ہلاک اور 8 دیگر زخمی ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کے وقت بیشتر شائقین اور ان کے اہل خانہ میچ دیکھنے کے بعد اسٹیڈیم سے نکل چکے تھے۔
امریکہ کے مختلف شہروں میں ہیلووین ویک اینڈ کے دوران پیش آنے والے ان واقعات نے عوامی مقامات پر فائرنگ اور شہریوں کی سلامتی کے حوالے سے ایک بار پھر تشویش پیدا کردی ہے۔