ڈی اے وی نیشنل اسپورٹس میٹ ۲۰۲۶-۲۷ میں نمایاں کامیابی، انڈر ۱۴ کے ۴۱ کلوگرام سے کم وزن کے زمرے میں حاصل کیا پہلا مقام
بہار کے معروف عالمِ دین، صاحبِ قلم اور ادیب مولانا مفتی عین الحق امینی قاسمی کے فرزند اشرف امین (14) نے تائیکوانڈو کے مقابلے میں طلائی تمغہ جیت کر اپنے ضلع بیگوسرائے سمیت پورے بہار کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے دہلی کے شہید وجے سنگھ اسٹیڈیم میں منعقدہ ڈی اے وی نیشنل اسپورٹس میٹ 2026-2027 کے تحت انڈر 14 زمرے کے 41 کلوگرام سے کم وزن کے مقابلے میں یہ نمایاں کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے بہترین کھیل، غیر معمولی مہارت اور بھرپور عزم و حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے تقریبا 5 راؤنڈز کے بعد اپنے حریف کو شکست دی اور طلائی تمغہ(گولڈ میڈل) اپنے نام کر لیا۔ ان کی اس کامیابی کو کم عمری میں کھیل کے میدان میں ان کی محنت، لگن اور صلاحیتوں کا نمایاں ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔
اشرف امین کا عزم ہے کہ وہ آئندہ بھی کھیل کے میدان میں اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں گے اور قومی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کرکے ملک کا نام روشن کریں گے۔
اشرف امین نے فکر و نظر ٹی کو بتایا کہ قومی سطح کے مقابلے میں ان کی پہلی فائٹ اتراکھنڈ، دوسری جھارکھنڈ، تیسری دہلی اور چوتھی ہریانہ کے کھلاڑیوں سے ہوئی۔ ان تمام مقابلوں میں انہوں نے اپنے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ بعد ازاں فائنل مقابلے میں حریف کھلاڑی کے ہار مان لینے کے بعد اشرف امین نے طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔
فکر و نظر ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اشرف امین کے والد مولانا مفتی عین الحق امینی قاسمی نے بتایا کہ تائیکوانڈو میں جسمانی فٹنس اور کھیل کی مہارت کے ساتھ وزن کو مقررہ حد میں برقرار رکھنا بھی خاص اہمیت رکھتا ہے۔ اسی لیے اشرف امین مقابلے سے کئی روز قبل ہی خصوصی غذائی نظم و ضبط پر عمل کر رہے تھے، تاکہ مقررہ وزن کے زمرے میں مقابلے میں شرکت کر سکیں۔
اپنے فرزند کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے مولانا مفتی عین الحق امینی قاسمی جذبات سے مغلوب ہو گئے اور ان کی آنکھیں نم ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم ہے کہ اس نے اشرف کو یہ کامیابی عطا فرمائی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اشرف کو مزید کامیابیوں سے نوازے، انہیں امت کے لیے نفع بخش بنائے اور ان کی صلاحیتوں کو ملک و ملت کی خدمت کا ذریعہ بنائے۔
اشرف امین کی کامیابیوں کا سلسلہ ضلعی سطح کے مقابلے سے شروع ہوا، جہاں انہوں نے جموئی میں منعقدہ مقابلے میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ اس کامیابی کے بعد ان کا انتخاب ریاستی سطح کے مقابلے کے لیے ہوا، جو گیا ضلع میں منعقد ہوا۔ وہاں بھی انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طلائی تمغہ اپنے نام کیا اور قومی سطح کے مقابلے کے لیے منتخب ہوئے۔ الحمدللہ، دہلی میں منعقدہ ڈی اے وی نیشنل اسپورٹس میٹ ۲۰۲۶-۲۷ کے تائیکوانڈو مقابلے میں بھی انہوں نے طلائی تمغہ جیت کر اپنی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھا۔ اب آئندہ ماہ بہار حکومت کی جانب سے ان کی ناگالینڈ میں منعقد ہونے والے مقابلے میں شرکت متوقع ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں وہاں بھی کامیابی عطا فرمائے، ان کی محنت کو ثمرآور بنائے اور انہیں ملک و ملت کے لیے باعثِ فخر بنائے۔ آمین۔
اشرف امین کی اس کامیابی پر اہلِ خانہ، متعلقین اور علاقے کے لوگوں میں خوشی کی لہر ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ وہ اپنی محنت، لگن اور مستقل مزاجی کے ذریعے مستقبل میں بھی کھیل کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کریں گے اور بہار کے لیے مزید اعزازات کا سبب بنیں گے۔
[6:12 pm, 26/10/2026] محمد شاھد رحمانی: بہار کے عالمِ دین کے فرزند اشرف امین نے دہلی میں جیتا طلائی تمغہ
اتراکھنڈ، جھارکھنڈ، دہلی اور ہریانہ کے کھلاڑیوں کو شکست دے کر فائنل میں حاصل کی کامیابی