ٹی ای ٹی کا امتحان کل ہونا تھا، لیکن سوالنامہ لیک ہونے کی وجہ سے اسے ملتوی کرنا پڑا۔ رپورٹس کے مطابق تقریباً 4 لاکھ امیدوار امتحان میں شامل ہونے والے تھے، لیکن اب انھیں نئی تاریخ کا انتظار کرنا ہوگا۔ نیٹ (NEET) کے بعد اب مہاراشٹر کے تھانے میں ٹی ای ٹی (ٹیچر اہلیتی ٹیسٹ) امتحان کا سوالنامہ لیک ہونے سے ہلچل مچ گئی ہے۔ اس پیپر لیک کے بعد امتحان منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ دراصل ٹی ای ٹی امتحان کل ہونا تھا، لیکن اطلاعات کے مطابق اس کا سوالنامہ لیک ہو گیا۔ امتحان سے تقریباً 24 گھنٹے پہلے ہی پرچہ منظر عام پر آ گیا، جس سے انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ تقریباً 4 لاکھ امیدوار اس امتحان میں شریک ہونے والے تھے، لیکن اب انھیں نئی تاریخ کا انتظار کرنا ہوگا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی امتحان کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔