جدہ کے لیے پروازیں 18 نومبر اور ریاض کے لیے 30 نومبر تک معطل رہیں گی، ایئر انڈیا اور انڈیگو سمیت دیگر ایئرلائنز نے بھی سروس بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
دبئی: یمن کے حوثی باغیوں کے حملوں اور سعودی عرب میں سیکیورٹی کی کشیدہ صورت حال کے باعث ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان فضائی رابطے بدستور متاثر ہیں۔ اس صورت حال کے پیش نظر ہندوستانی ایئرلائن اکاسا ایئر نے جدہ کے لیے اپنی پروازوں کی معطلی میں 18 نومبر تک توسیع کردی ہے، جب کہ ریاض آنے اور جانے والی پروازیں 30 نومبر تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ایئرلائن نے اتوار کو اپنے تازہ اعلان میں کہا کہ خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس نے بھی جدہ، ریاض اور دمام کے لیے اپنی پروازیں 14 نومبر تک معطل رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
سعودی عرب میں حالیہ حملوں کے دوران شہریوں اور اہم بنیادی ڈھانچے، خصوصاً ہوائی اڈوں اور تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے بعد فضائی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔ اس صورت حال نے ہندوستانی مسافروں، بالخصوص عمرہ زائرین کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔
ریاض میں ہندوستانی سفارت خانے نے 22 اکتوبر کو جاری بیان میں تصدیق کی تھی کہ 21 اکتوبر کو دمام کے کنگ فہد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے میں ایک ہندوستانی شہری ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ اسی دوران سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں واقع سعودی آرامکو کے شیبہ آئل فیلڈ پر حملے میں بھی ایک ہندوستانی شہری زخمی ہوا تھا۔ سفارت خانے نے کہا تھا کہ وہ سعودی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور متاثرہ ہندوستانی شہریوں کو ضروری مدد فراہم کی جارہی ہے۔
اس سے قبل ہندوستان نے سعودی عرب کے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملوں کی بھی مذمت کی تھی۔ ہندوستانی حکومت نے واضح کیا تھا کہ شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔
دوسری جانب جدہ میں ہندوستانی قونصلیٹ جنرل نے سعودی عرب میں موجود متاثرہ ہندوستانی شہریوں، خصوصاً عمرہ زائرین کی مدد کے لیے ایئرلائنز، مقامی حکام اور مختلف کمیونٹی تنظیموں کے ساتھ رابطہ قائم کیا ہے۔ قونصلیٹ متبادل سفری انتظامات میں بھی تعاون کر رہا ہے تاکہ متاثرہ مسافروں کو درپیش مشکلات کم کی جاسکیں۔
تازہ اعلانات کے مطابق ایئر انڈیا، ایئر انڈیا ایکسپریس اور انڈیگو نے سعودی عرب کے مختلف شہروں کے لیے اپنی پروازیں 14 نومبر تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جب کہ اکاسا ایئر نے جدہ کے لیے 18 نومبر اور ریاض کے لیے 30 نومبر تک پروازیں بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
تاہم، سعودی ایئرلائنز کی جانب سے ہندوستان کے لیے بعض پروازیں بدستور چلائی جارہی ہیں۔ ہندوستانی سفارت خانے کے مطابق ریاض کے ہوائی اڈے پر محدود فضائی آپریشن دوبارہ شروع ہوچکا ہے، جس میں ہندوستان کے لیے پروازیں بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سعودی ایئرلائنز دمام، جدہ اور مدینہ سے بھی پروازیں چلا رہی ہیں۔
ایسے حالات میں سعودی عرب جانے یا وہاں سے ہندوستان واپس آنے کا ارادہ رکھنے والے مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہونے سے پہلے متعلقہ ایئرلائن سے اپنی پرواز کی تازہ صورت حال اور شیڈول کی تصدیق ضرور کرلیں۔