نئی دہلی: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے بہار، مدھیہ پردیش اور گجرات کی تین خالی اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ کمیشن کے مطابق ان نشستوں کے لیے 30 جولائی کو پولنگ ہوگی، جبکہ ووٹوں کی گنتی اور انتخابی نتائج 3 اگست کو جاری کیے جائیں گے۔
اعلان کے مطابق بہار کی بانکی پور، مدھیہ پردیش کی دتیہ اور گجرات کی مانجل پور اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخابات کرائے جائیں گے۔ انتخابی پروگرام کے تحت 6 جولائی کو باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہوگا، جبکہ امیدوار 13 جولائی تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔ 14 جولائی کو کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور 16 جولائی امیدواروں کے لیے نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی۔
مدھیہ پردیش کی دتیہ اسمبلی نشست پر ضمنی انتخاب اس وقت ناگزیر ہوا جب کانگریس کے رکن اسمبلی راجندر بھارتی کو جعلسازی کے ایک مقدمے میں سزا سنائے جانے کے بعد اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دے دیا گیا۔ راجندر بھارتی نے 2023 کے اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما نروتم مشرا کو سات ہزار سے زائد ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔ اس انتخاب میں راجندر بھارتی کو 88,977 جبکہ نروتم مشرا کو 81,235 ووٹ حاصل ہوئے تھے۔