اترپردیش کے کشی نگر میں کار اور ٹرک کے درمیان زوردار ٹکر، تمام افراد ایک تقریب میں شرکت کے بعد گھر واپس لوٹ رہے تھے، حادثے میں کار بری طرح تباہ ہو گئی۔
کشی نگر: اترپردیش کے کشی نگر ضلع میں اتوار کی دیر رات ایک دل دہلا دینے والے سڑک حادثے میں چھ افراد کی موت ہو گئی، جن میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد شامل ہیں، جب کہ دو دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ ہاٹا کوتوالی علاقے میں اس وقت پیش آیا جب ایک کار سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار کے پرخچے اڑ گئے اور اس میں سوار چھ افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، کپتان گنج تھانہ علاقے کے بھلوہی گاؤں کا ایک خاندان کار سے اپنے رشتہ دار کے یہاں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے لیے گیا تھا۔ تقریب ختم ہونے کے بعد تمام افراد رات میں اپنے گاؤں واپس لوٹ رہے تھے۔ اسی دوران ہاٹا کوتوالی علاقے کے تھرواڈیہ کے قریب ان کی کار سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں کار سوار چھ افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جب کہ دو افراد شدید طور پر زخمی ہوئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی۔ مقامی لوگوں کی مدد سے پولیس اہلکاروں نے کافی مشقت کے بعد تباہ شدہ کار میں پھنسے افراد کو باہر نکالا۔ زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے فوری طور پر بی آر ڈی میڈیکل کالج، گورکھپور بھیجا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ وہیں، جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
کوتوالی ہاٹا کے تھانہ انچارج دھرمیندر سنگھ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تمام افراد ایک تقریب میں شرکت کے بعد گھر واپس جا رہے تھے، اسی دوران ان کی گاڑی ٹرک سے ٹکرا گئی۔ پولیس نے معاملے میں کیس درج کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے اور حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
اس حادثے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی موت سے بھلوہی گاؤں میں ماتم چھا گیا ہے۔ جس گھر میں کچھ دیر پہلے تقریب کی خوشیاں تھیں، وہاں اب صفِ ماتم بچھ گئی ہے۔ ایک ہی حادثے نے پورے خاندان کی خوشیوں کو غم میں بدل دیا، جب کہ علاقے میں بھی سوگ کی فضا قائم ہے۔