نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے ’نیٹ یو جی 2026‘ امتحان کی نئی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ میڈیکل میں داخلے کا خواب دیکھ رہے لاکھوں طلبا و طالبات اور ان کے والدین کے لیے یہ ایک بڑی اور اہم خبر ہے۔ حکومت ہند کی منظوری کے بعد فیصلہ لیا گیا ہے کہ اب نیٹ یو جی 2026 کا دوبارہ امتحان 21 جون 2026 بروز اتوار پورے ملک میں ایک ہی وقت پر منعقد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 3 مئی کو منعقد ہونے والا نیٹ یو جی امتحان پیپر لیک کے الزامات سامنے آنے کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا، جس کے بعد طلبا میں بے چینی اور تشویش کا ماحول پیدا ہو گیا تھا۔ اب این ٹی اے نے نئی تاریخ جاری کرتے ہوئے طلبا کو یقین دلایا ہے کہ امتحان شفاف اور سخت سیکورٹی انتظامات کے تحت منعقد کرایا جائے گا۔
این ٹی اے کی جانب سے جاری جانکاری کے مطابق امتحانی مراکز کی تفصیلات، سٹی الاٹمنٹ اور دیگر ضروری معلومات طلبا و طالبات کو ان کے رجسٹرڈ موبائل نمبر اور ای میل آئی ڈی پر بھیج دی جائیں گی۔ طلبا کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی تیاری کو مزید مضبوط کریں، کیونکہ امتحان میں اب زیادہ وقت باقی نہیں ہے۔
مرکزی حکومت نے بھی تمام متعلقہ اداروں اور ریاستی انتظامیہ کو سخت نگرانی، سیکورٹی اور منظم انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے تاکہ اس بار امتحان کے دوران کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا بدانتظامی نہ ہو سکے۔