تمل ناڈو کے وزیرِ اعلیٰ تھلاپتی وجئے نے اسمبلی میں کسانوں اور اساتذہ کے حق میں اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مئی 2021 سے اپریل 2026 کے درمیان اپنے حقوق، روزگار اور جائز مطالبات کے لیے پُرامن احتجاج کرنے والے کسانوں اور اساتذہ کے خلاف درج مقدمات واپس لیے جائیں گے۔ حکومت کے اس فیصلے کو کسانوں اور اساتذہ کے لیے بڑی راحت قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ وجئے نے کہا کہ پُرامن اور جمہوری طریقے سے اپنے مطالبات پیش کرنا ہر شہری کا حق ہے اور حکومت اس حق کا احترام کرتی ہے۔ ان کے مطابق مقدمات واپس لینے کا فیصلہ انسانی ہمدردی، جمہوری اقدار اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
وجئے نے کہا، ’’ہماری حکومت ہمیشہ کسانوں اور اساتذہ کے ساتھ کھڑی رہے گی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف جمہوری حقوق مزید مضبوط ہوں گے بلکہ عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد بھی بڑھے گا۔
حکومت کے اس اعلان کے بعد ان کسانوں اور اساتذہ کو بڑی راحت ملنے کی امید ہے، جنہیں اپنے جائز مطالبات کے لیے کیے گئے پُرامن احتجاج کے باعث قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔