کولکاتا: کلکتہ ہائی کورٹ نے ترنمول کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی کے آمتلا میں واقع پارٹی دفتر کو منہدم کرنے کی کارروائی پر عبوری روک لگا دی ہے۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ آئندہ حکم تک دفتر کے خلاف کسی بھی قسم کی مزید کارروائی نہیں کی جائے گی۔ یہ حکم جسٹس راجہ بسو چودھری کی عدالت نے جاری کیا۔ ابھیشیک بنرجی نے آمتلا پارٹی دفتر پر مجوزہ بلڈوزر کارروائی کے خلاف ہفتے کے روز ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ معاملے کی فوری نوعیت کے پیشِ نظر ان کے وکیل نے اتوار کو تعطیل کے باوجود ہنگامی سماعت کی درخواست کی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے انہدامی کارروائی پر روک لگا دی۔ عدالت کے اس فیصلے سے ابھیشیک بنرجی اور ٹی ایم سی کو فی الحال بڑی قانونی راحت ملی ہے، تاہم معاملے پر حتمی فیصلہ آئندہ سماعت اور عدالت کے اگلے حکم کے بعد سامنے آئے گا۔