مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے درمیان ہندوستان کے لیے ایک حوصلہ افزا خبر سامنے آئی ہے۔ ایل پی جی ٹینکر ’ایم وی سن شائن‘ نے بحفاظت آبنائے ہرمز عبور کر لیا ہے اور اب تیزی سے ہندوستان کی سمت رواں دواں ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہندوستانی بحریہ اس جہاز کی مسلسل نگرانی کے ساتھ اسے حفاظتی حصار بھی فراہم کر رہی ہے، تاکہ حساس سمندری راستے سے اس کی محفوظ نقل و حرکت یقینی بنائی جا سکے۔ جہاز میں موجود ایل پی جی کی مقدار کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق یہ اس نوعیت کا پندرہواں ایل پی جی بردار جہاز ہے جسے حالیہ کشیدہ حالات کے باوجود اس اہم گزرگاہ سے بحفاظت نکالا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جہاز نے بدھ (13 مئی) کی شب آبنائے ہرمز پار کیا اور خلیج فارس سے نکلنے کے بعد سیدھا ہندوستان کی جانب روانہ ہو گیا۔ حکام کو امید ہے کہ یہ جہاز جلد ہندوستانی بندرگاہ پر پہنچ جائے گا۔