وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے شہریوں کو کم از کم ایک سال تک سونا نہ خریدنے کی اپیل کے بعد مرکزی حکومت نے قیمتی دھاتوں سے متعلق اہم فیصلہ کیا ہے۔ 13 مئی 2026 کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سونے اور چاندی پر امپورٹ ڈیوٹی 6 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کر دی گئی ہے، جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔
حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد قیمتی دھاتوں کی درآمد میں کمی لانا اور غیر ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر پر بڑھتے دباؤ کو کم کرنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ درآمدات پر قابو پا کر تجارتی خسارہ کم کرنے اور روپے کو استحکام دینے میں مدد مل سکتی ہے۔
ماہرین اقتصادیات کے خیال میں امپورٹ ڈیوٹی میں اس نمایاں اضافے کے بعد ملک میں سونا اور چاندی مہنگے ہو سکتے ہیں، جس سے ان کی طلب میں کمی کا امکان ہے۔ یہ قدم درآمدی بل گھٹانے اور معیشت پر پڑنے والے بیرونی دباؤ کو کم کرنے کی حکمت عملی کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔