نئی دہلی: فیفا عالمی کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 کا مرحلہ اختتامی موڑ پر پہنچ گیا ہے۔ جمعرات کو کھیلے گئے تین اہم مقابلوں میں اسپین، پرتگال اور سوئٹزرلینڈ نے اپنے حریفوں کو شکست دے کر کامیابی کے ساتھ راؤنڈ آف 16 (پری کوارٹر فائنل) میں جگہ بنا لی۔ دن کے سب سے نمایاں مقابلوں میں ایک جانب پرتگال کے تجربہ کار اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے 41 برس کی عمر میں عالمی کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں اپنا پہلا گول کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی، جبکہ دوسری طرف اسپین کے نوجوان سپر اسٹار لامین یمال نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے آسٹریا کی ٹیم کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ تیسرے مقابلے میں سوئٹزرلینڈ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے الجیریا کو شکست دی اور آخری 16 ٹیموں میں اپنی جگہ یقینی بنا لی۔ اب راؤنڈ آف 32 کے صرف تین مقابلے باقی رہ گئے ہیں، جن پر شائقینِ فٹبال کی نظریں مرکوز ہیں۔ ان میچوں میں عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی لیونل میسی، محمد صلاح اور لوئیس ڈیاز اپنی اپنی ٹیموں کی نمائندگی کرتے ہوئے میدان میں اتریں گے۔ ان مقابلوں کے بعد راؤنڈ آف 16 کی تمام ٹیموں کی تصویر مکمل ہو جائے گی، جس کے ساتھ ہی ناک آؤٹ مرحلہ مزید دلچسپ اور سنسنی خیز ہو جائے گا۔