آسام میں سیلاب سے 25 ہزار سے زائد افراد متاثر، مغربی بنگال میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد ٹرینیں روک دی گئیں، جبکہ مدھیہ پردیش میں 1,438 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
نئی دہلی: ملک کے مختلف حصوں میں جاری موسلادھار بارش نے سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر قدرتی مسائل کو جنم دے دیا ہے، جس کے نتیجے میں کئی ریاستوں میں معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔ آسام میں سیلاب کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے، جہاں 25 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں اور سیلاب سے متعلق واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 108 ہوگئی ہے۔ دوسری جانب مغربی بنگال میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ریلوے خدمات متاثر ہوئی ہیں، جبکہ مدھیہ پردیش میں سیکڑوں افراد کو احتیاطی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
آسام کے سات اضلاع سیلاب کی زد میں
آسام اس وقت ملک کی سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں میں شامل ہے۔ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ریاست کے سات اضلاع گولپارہ، شیوساگر، بشواناتھ، ناگاؤں، موریگاؤں، مغربی کاربی آنگلونگ اور کچھار سیلاب سے متاثر ہیں۔
حکام کے مطابق ان اضلاع کے 155 گاؤں میں مجموعی طور پر تقریباً 25,083 افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ متاثرہ اور بے گھر افراد کو عارضی پناہ اور ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے 13 امدادی کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔
سیلاب سے ہلاکتیں 108 ہوگئیں
مغربی کاربی آنگلونگ ضلع میں سیلاب کے باعث ایک خاتون کی موت کے بعد ریاست میں رواں سیلابی صورتحال سے متعلق ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 108 ہوگئی ہے۔ سیلاب کے پانی نے بڑے پیمانے پر زرعی اراضی کو بھی متاثر کیا ہے اور تقریباً 6,477 ہیکٹر فصلوں اور زرعی زمین کے زیرِ آب آنے کی اطلاع ہے۔
دریں اثنا، نُمالی گڑھ میں دھنسری اور متیجوری میں کٹکھال ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے دریاؤں کی سطحِ آب اور سیلاب کے ممکنہ خطرے والے علاقوں کی مسلسل نگرانی شروع کر رکھی ہے۔
مغربی بنگال میں لینڈ سلائیڈنگ سے ریلوے نظام متاثر
مغربی بنگال کے مُرشِدآباد ضلع میں شدید بارش کے دوران فرکا کے قریب ریلوے ٹریک پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ریل خدمات متاثر ہوئیں۔ تِل ڈانگا اور نیو فرکا ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان پٹری پر ملبہ جمع ہونے کے بعد شمالی بنگال جانے والی متعدد ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔
ریل انتظامیہ نے احتیاطی اقدام کے طور پر دارجلنگ میل اور کنچن کنیا ایکسپریس سمیت کئی ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک دیا۔ پٹری سے ملبہ ہٹانے اور ریل خدمات کو معمول پر لانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بارش اور سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ ریاستی انتظامیہ اور امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور ضرورت کے مطابق لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔